حج کی پہلی پرواز کب؟ تاریخ فائنل، عازمین کے لیے اہم اطلاع

اسلام آباد: رواں سال سرکاری حج اسکیم کے تحت عازمین حج کی تربیت کا دوسرا مرحلہ عیدالفطر کے بعد شروع کیا جائے گا، جبکہ پاکستان سے پہلی حج پرواز 19 اپریل کو روانہ ہوگی۔

رپورٹس کے مطابق پشاور سے سرکاری اسکیم کے تحت جانے والے عازمین کو روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ کے تحت اسلام آباد ایئرپورٹ پر خصوصی امیگریشن اور سہولت فراہم کی جائے گی، تاکہ عازمین کی روانگی آسان اور منظم انداز میں ہو۔

نجی اسکیم کے تحت حج پر جانے والے عازمین پشاور ایئرپورٹ سے براہِ راست روانہ ہوں گے۔

حکام نے بتایا کہ رواں سال ایک لاکھ 80 ہزار سے زائد پاکستانی فریضۂ حج کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب جائیں گے۔

اس میں گزشتہ سال حج سے محروم رہ جانے والے افراد کو بھی شامل کیا گیا ہے، جس سے پشاور اور صوبے کے دیگر اضلاع کے عازمین کو بھی موقع ملے گا۔

تاہم اطلاعات ہیں کہ بعض نجی ٹریول ایجنٹس گزشتہ سال کے عازمین سے اضافی رقوم طلب کر رہے ہیں، جس پر متعلقہ حکام کی توجہ مرکوز ہے اور ایسے اقدامات کو روکنے کے لیے نگرانی سخت کی جا رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : سپریم کورٹ کے فیصلے سے فائدہ اٹھانے والے ممالک پر مزید ٹیرف لگائیں گے، ٹرمپ

سیکرٹری حج کے مطابق تربیتی پروگرام میں عازمین کو حج کے مناسک، قوانین، اور سفری ہدایات سے متعلق مکمل رہنمائی فراہم کی جائے گی تاکہ وہ اپنی عبادت کو احسن طریقے سے ادا کر سکیں۔

اس کے علاوہ تمام عازمین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ صرف سرکاری اور تصدیق شدہ نجی اسکیمز کے تحت ہی حج کی تیاری کریں تاکہ اضافی مالی بوجھ یا غیر قانونی اقدامات سے بچا جا سکے۔

Scroll to Top