پنجاب اور خیبر پختونخوا کی سرحدی پٹی پر واقع داجل جوائنٹ چیک پوسٹ پر فتنہ الخوارج کے خودکش حملے کو پولیس نے اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر ناکام بنا دیا۔
حملے میں 2 پولیس اہلکار شہید ہوئے تاہم فورسز کی بروقت جوابی کارروائی میں خودکش حملے کے 3 سہولت کار جہنم واصل کر دیے گئے جبکہ 7 کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق خودکش حملہ آور کی شناخت افغان باشندے حیات اللہ ولد عبدالسمیع کے نام سے ہوئی ہے، جو ڈی آئی خان سے پنجاب میں داخل ہونے کی کوشش کر رہا تھا۔
چیک پوسٹ پر تعینات بہادر اہلکاروں نے مشکوک جان کر اسے روکا تو اس نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔ اس بزدلانہ کارروائی میں دو پولیس اہلکار جامِ شہادت نوش کر گئے جبکہ ایک اہلکار اور تین شہری (بشمول پولیو ورکرز) زخمی ہوئے۔
دھماکے کے فوری بعد پنجاب اور کے پی پولیس نے مشترکہ سرچ اور کلیئرنس آپریشن شروع کیا۔ آپریشن کے دوران خودکش حملہ آور کے3 دہشت گرد ساتھیوںکو فائرنگ کے تبادلے میں ہلاک کر دیا گیا جبکہ 7 سہولت کاروںکوگرفتار کیاگیا ۔





