اسلام آباد: اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے پاسکو کے اسٹاک سے 5 لاکھ میٹرک ٹن گندم فروخت کرنے کی منظوری دے دی ہے۔
یہ فیصلہ وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت ہونے والے ای سی سی اجلاس میں کیا گیا۔
اعلامیے کے مطابق پاسکو کی گندم مسابقتی بولی کے ذریعے فروخت کی جائے گی تاکہ مارکیٹ میں شفافیت اور مقابلہ یقینی بنایا جا سکے۔ ای سی سی نے مقامی گندم کی نئی ریزرو قیمت 4150 روپے فی من اور درآمدی گندم کی ریزرو قیمت 3800 روپے فی من مقرر کی ہے۔
اجلاس میں مزید کہا گیا کہ گندم کی فروخت فرسٹ اِن فرسٹ آؤٹ (FIFО) کی بنیاد پر ہوگی، یعنی پہلے آنے والے خریداروں کو ترجیح دی جائے گی۔ اس اقدام سے مارکیٹ میں گندم کی دستیابی اور قیمتوں کے استحکام میں مدد ملے گی۔
یہ بھی پڑھیں : عمران خان کی رہائی کیسے ممکن ہوگی؟ شفیع جان نے واضح کر دیا
اس کے علاوہ، ای سی سی نے پرانے منصوبوں کے لیے 53 کروڑ 60 لاکھ روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ بھی منظور کر دی ہے تاکہ جاری منصوبوں میں مالی معاونت فراہم کی جا سکے اور ترقیاتی کام بلا تعطل جاری رہیں۔
اقتصادی ماہرین کے مطابق پاسکو اسٹاک سے گندم کی فروخت اور نئی ریزرو قیمتوں کے اعلان سے نہ صرف مارکیٹ میں شفافیت بڑھے گی بلکہ صارفین کے لیے بھی مناسب قیمتوں پر گندم کی دستیابی یقینی ہوگی۔





