افغان طالبان کی سرپرستی میں فتنہ الخوارج کے ڈرون حملے ناکام، تمام ڈرونز تباہ

افغان طالبان کی سرپرستی میں فتنہ الخوارج کے ڈرون حملوں کی کوشش ناکام بنا دی گئی اور تمام ڈرونز کو تباہ کر کے مار گرایا گیا۔

وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ افغان طالبان کی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد تنظیم فتنہ الخوارج نے ایبٹ آباد، سوات اور نوشہرہ میں چھوٹے ڈرونز کے ذریعے حملے کی کوشش کی تاہم سیکیورٹی اداروں کے اینٹی ڈرون سسٹمز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے تمام ڈرونز کو مار گرایا۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ڈرون حملوں میں میں کسی قسم کا جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا اور صورتحال مکمل طور پر قابو میں ہے۔

عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ یہ واقعات ایک بار پھر افغان طالبان رجیم اور پاکستان میں ہونے والی دہشت گردی کے درمیان براہِ راست روابط کو بے نقاب کرتے ہیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ہر قسم کی دہشت گردی کے خلاف مکمل طور پر چوکس ہیں اور ملک کے دفاع کے لیے تمام ضروری اقدامات جاری رکھے ہوئے ہیں۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ڈرون حملوں کی کوشش کو مؤثر حکمت عملی کے تحت ناکام بنایا گیا اور حساس تنصیبات کا تحفظ یقینی بنایا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان ایک ذمہ دار ملک ہے جو عزت کے ساتھ امن کا خواہاں ہے، سربراہ پاک فضائیہ

ادھر سوات کے علاقے پابنی میں ایک مشکوک ڈرون گرنے کی اطلاع کے بعد علاقے میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی، حفاظتی اقدامات کے طور پر پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے۔

Scroll to Top