طالبان کے ٹھکانے تباہ، پاک فوج نے بروالو کلے پوسٹ پر قبضہ حاصل کر لیا

اسلام آباد: پاکستانی سکیورٹی فورسز نے بروالو کلے چیک پوسٹ پر کامیاب کارروائی کرتے ہوئے قبضہ حاصل کر لیا اور افغان طالبان کے عناصر کو مکمل طور پر بھگا دیا۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق کارروائی کے دوران کچھ طالبان مارے گئے جبکہ باقی عناصر فرار ہو گئے۔

ذرائع نے بتایا کہ فورسز نے سرحد پار کر کے کارروائی کی اور پوسٹ پر مکمل کنٹرول حاصل کیا، جس سے خطے میں پاک فوج کی برتری واضح ہوگئی۔

سیکیورٹی اہلکاروں نے کہا کہ یہ آپریشن بروقت اور مؤثر تھا، اور دشمن کو کسی بھی قسم کی پیش قدمی کا موقع نہیں دیا گیا۔

پاک فوج کی اس کارروائی کے نتیجے میں نہ صرف افغان طالبان کی دفاعی پوزیشن کمزور ہوئی بلکہ سرحدی علاقوں میں امن و امان قائم رکھنے میں بھی مدد ملی۔

سیکیورٹی ذرائع نے مزید بتایا کہ سرحدی علاقوں میں پاک فوج کی چوکس نگرانی بڑھا دی گئی ہے اور کسی بھی ممکنہ دشمن کی نقل و حرکت پر گہری نظر رکھی جا رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : افغان طالبان کی سرپرستی میں فتنہ الخوارج کے ڈرون حملے ناکام، تمام ڈرونز تباہ

جبکہ دوسری جانب افغان طالبان کی سرپرستی میں فتنہ الخوارج کے ڈرون حملوں کی کوشش ناکام بنا دی گئی اور تمام ڈرونز کو تباہ کر کے مار گرایا گیا۔

وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ افغان طالبان کی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد تنظیم فتنہ الخوارج نے ایبٹ آباد، سوات اور نوشہرہ میں چھوٹے ڈرونز کے ذریعے حملے کی کوشش کی تاہم سیکیورٹی اداروں کے اینٹی ڈرون سسٹمز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے تمام ڈرونز کو مار گرایا۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ڈرون حملوں میں میں کسی قسم کا جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا اور صورتحال مکمل طور پر قابو میں ہے۔

عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ یہ واقعات ایک بار پھر افغان طالبان رجیم اور پاکستان میں ہونے والی دہشت گردی کے درمیان براہِ راست روابط کو بے نقاب کرتے ہیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ہر قسم کی دہشت گردی کے خلاف مکمل طور پر چوکس ہیں اور ملک کے دفاع کے لیے تمام ضروری اقدامات جاری رکھے ہوئے ہیں۔

Scroll to Top