کوہاٹ / کرم: پاک افغان سرحد پر بڑھتی کشیدگی کے درمیان ضلع کوہاٹ اور کرم میں عوام نے آپریشن غضب للحق کی حمایت میں افواجِ پاکستان سے اظہار یکجہتی کے لیے ریلیاں نکالیں۔
یہ ریلیاں قبائلی عمائدین، معززین، علماء کرام، نوجوانوں اور مقامی شہریوں کی بڑی تعداد میں منعقد کی گئیں، جنہوں نے وطن عزیز کے دفاع اور قومی سلامتی کے لیے اپنی غیر متزلزل حمایت کا اظہار کیا۔
شرکاء نے قومی پرچم بلند کیے اور افواج پاکستان کے حق میں پُرجوش نعرے لگائے، جبکہ مقررین نے پاک فوج کے بروقت، مؤثر اور بھرپور ردِعمل کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ قومی خودمختاری اور سرحدوں کے تحفظ کے لیے ناگزیر اور فیصلہ کن اقدام ہے۔
ریلیوں میں زور دیا گیا کہ قوم ہر مشکل گھڑی میں اپنی بہادر افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور افواج پاکستان ملک کی سالمیت، خودمختاری اور امن کے خلاف کسی بھی اندرونی اور بیرونی سازش کو ناکام بنانے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : عوام کا سمندر سڑکوں پر: افغان بزدلی کے خلاف کراچی کی شاہراہیں پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھیں
مقررین نے اس موقع پر افواجِ پاکستان پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا اور قومی اتحاد، استحکام اور یکجہتی کے پیغام کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام اپنی افواج کے ساتھ کھڑی رہ کر دشمن کے عزائم کو خاک میں ملا دے گی۔
یہ ریلیاں نہ صرف افواج پاکستان کے جذبہ قربانی اور پیشہ ورانہ صلاحیت کی تائید کا مظہر ہیں بلکہ قومی یکجہتی اور سرحدوں کی حفاظت میں عوامی تعاون کا عملی ثبوت بھی ہیں۔





