وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے خبردار کیا ہے کہ ایران پر مسلط جنگ کا اصل ایجنڈا اسرائیلی اثر کو پاکستان کی سرحد تک پہنچانا ہے، اور اس سلسلے میں قوم کو موجودہ سازش کو سمجھنا ہوگا۔
وزیرِ دفاع نے کہا کہ صہیونیت انسانیت کے لیے خطرہ ہے اور ایران پر مسلط جنگ اسی خطرناک ایجنڈے کا حصہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ افغانستان، اسرائیل اور بھارت کا مشترکہ ایجنڈا پاکستان دشمنی پر مبنی ہو سکتا ہے، جس سے ملک کو چوکس رہنے کی ضرورت ہے۔
خواجہ آصف نے اسرائیل کے قیام کے بعد سے اسلامی دنیا پر آنے والی ہر آفت کے پیچھے صہیونی نظریے کو قرار دیا اور کہا کہ صہیونیت نے ایک صدی سے عالمی معاشی نظام پر اثر قائم کیا ہوا ہے، اور بڑی طاقتیں بھی اس کے زیرِ اثر ہیں۔
وزیرِ دفاع نے سابق وزیرِ اعظم نواز شریف کے حوصلے کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایک ایٹمی طاقت ہے اور ہماری مسلح افواج کی صلاحیت دنیا تسلیم کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایٹمی دھماکے کے ذریعے دنیا کو واضح پیغام دیا گیا کہ پاکستان ایک مضبوط ایٹمی قوت ہے۔
خواجہ آصف نے زور دیا کہ فلسطین آزاد ہو اور پاکستان محفوظ رہے، اور اس وقت اسلامی دنیا میں اتحاد وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ خطے کے امن اور سلامتی کو یقینی بنایا جا سکے۔




