خیبر پختونخوا کے اضلاع بنوں، لکی مروت اور کوہاٹ میں نام نہاد پولیس امن کمیٹیوں کے شرمناک ،دہشتگردانہ اور غیر قانونی طرزِعمل نے ریاستی نظم و ضبط، چین آف کمانڈ اور قانون کی بالادستی کو چیلنج کرتے ہوئے ان عناصر کا مکروہ چہرہ پوری طرح بے نقاب کر دیا ہے جو سرکاری وردی، سرکاری اسلحہ اور ریاستی وسائل کے بل بوتے پر محکمہ پولیس کے اندر ایک متوازی ڈھانچہ کھڑا کر کے ادارے کو بلیک میل کرنے پر تلے ہوئے ہیں۔
محکمانہ کارروائی کے تحت معطل کیے گئے 52 پولیس اہلکاروں کی آڑ میں کوہاٹ ہائی وے بند کرنے، سرکاری امور میں مداخلت کرنے اور حلف سے روگردانی کرنے کے اس کھلے انحراف کو نہ صرف کوہاٹ کے ایس ایچ اوز نے ویڈیو پیغامات کے ذریعے سختی سے مسترد کر دیا ہے بلکہ عوام نے بھی اسے سرکاری امانت میں خیانت، بددیانتی، نااہلی اور ریاست کے اندر ریاست قائم کرنے کی سنگین غداری قرار دیتے ہوئے قانون کی مکمل بالادستی اور سخت ترین کارروائی کا دوٹوک مطالبہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا کے حساس اضلاع بنوں اور لکی مروت میں بعض نام نہاد پولیس امن کمیٹیوں کی حالیہ حرکتیں ان کے نام نہاد قیام کے مقصد کے سراسر منافی اور کھلی دہشتگردی و سرکشی کا آئینہ بن چکی ہیں۔
جس فورم کا کام امن و امان کے قیام، پولیس کے ساتھ تعاون اور عوامی جان و مال کے تحفظ میں معاونت فراہم کرنا تھا اسی کے بعض عناصر اگر شاہراہیں بند کریں، سرکاری فرائض میں رکاوٹ ڈالیں اور محکمانہ احتساب پر دباؤ ڈال کر ادارے کو جھکانے کی کوشش کریں تو یہ محض انتظامی مسئلہ نہیں بلکہ ریاستی رٹ اور قانون کی حکمرانی پر براہِ راست حملہ ہے۔
یہ بھی پڑھیں : عراق میں انسدادِ دہشت گردی قوانین کے تحت بڑی عدالتی کارروائی: داعش سے تعلق پر 8 فرانسیسی شہریوں کو عمر قید اور 2 کو 15 سال قید کی سزا سنا دی گئی!
اطلاعات کے مطابق بنوں اور لکی مروت کی بعض نام نہاد پولیس امن کمیٹیوں سے وابستہ دہشتگردوں نے کوہاٹ ہائی وے کو بند کر کے محکمانہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر معطل کیے گئے 52 پولیس اہلکاروں کے حق میں یکجہتی کا ڈرامہ رچایا۔
ہر شہری کو پرامن احتجاج کا آئینی حق حاصل ہے مگر کوئی شخص یا اہلکار ریاستی فورس اور اس کے نظام کا حصہ رہتے ہوئے اسی کے قواعد، احکامات اور چین آف کمانڈ کے خلاف علمِ بغاوت بلند کرے تو اسے کسی صورت احتجاج یا یکجہتی نہیں کہا جا سکتا بلکہ یہ کھلی غداری، دہشتگردی ، حلف سے انحراف اور ریاستی نظم و ضبط کو تباہ کرنے کی نااہلانہ و مجرمانہ روش ہے۔
نامہ نہاد پولیس امن کمیٹیوں کی حیثیت محض ایک معاون فورم تک محدود ہے انہیں نہ تو پولیس کے متوازی کوئی غیر قانونی نظام چلانے کا اختیار دیا گیا ہے اور نہ ہی محکمانہ انضباط اور سزا و جزا کے عمل میں مداخلت کا کوئی حق حاصل ہے۔
معطل اہلکاروں کے خلاف کارروائی رکوانے کے لیے سڑکیں بلاک کرنا اور دباؤ کی سیاست کرنا دراصل ریاستی ادارے کے فیصلوں کو یرغمال بنانے کی مذموم کوشش ہے۔
اس سے بھی زیادہ تشویشناک پہلو یہ ہے کہ ماضی میں بھی بعض امن کمیٹیوں کے ارکان کے خلاف شہریوں کے اغواء، تشدد، بھتہ خوری اور دیگر سنگین غیر قانونی سرگرمیوں کے الزامات منظرِ عام پر آتے رہے ہیں۔
ایسے سنگین داغ رکھنے والے دہشتگرد عناصر کی شفاف تحقیقات اور انہیں عبرتناک سزا دلوانا ناگزیر ہے کیونکہ امن کے لبادے میں چھپ کر کوئی بھی شخص قانون اور ریاست سے بالاتر نہیں ہو سکتا۔
ویسے تو امن کمیٹی کا فرض ریاست کے ساتھ کھڑا ہونا ہے نہ کہ اسے دباؤ میں لا کر بلیک میل کرنا۔ سرکاری وردی، اسلحہ، گاڑیاں اور اختیارات عوام اور ریاست کی امانت ہیں، کسی فرد، گروہ یا نام نہاد کمیٹی کی ذاتی جاگیر نہیں۔
اس امانت میں خیانت کرنے، اختیارات سے تجاوز برتنے، بددیانتی کرنے یا سرکاری نظم و ضبط کو نقصان پہنچانے والے کسی بھی فرد کے خلاف، خواہ اس کا تعلق کسی بھی کمیٹی یا گروہ سے ہو، بلاامتیاز سخت ترین قانونی و محکمانہ کارروائی ہونی چاہیے۔
ادھر کوہاٹ میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر رائے مظہر اقبال کی ہدایات پر ضلع بھر کے ایس ایچ اوز نے باقاعدہ ویڈیو پیغامات جاری کرتے ہوئے نام نہاد پولیس امن کمیٹی کو یکسر مسترد کر دیا اور فورس کے اندر انتشار و بغاوت کی فضا پیدا کرنے والے عناصر سے مکمل لاتعلقی کا اعلان کیا۔
یہ بھی پڑھیں : سیاسی آدمی ہو، ملا ہو یا وکیل، امن کمیٹی کے خلاف بولنے والے کو مار دیں گے، بنوں دہشتگرد کمیٹی کے رکن کی شہریوں کو سرعام قتل کی دھمکی
پولیس افسران نے واضح الفاظ میں کہا کہ پولیس ایک منظم، باضابطہ اور قانون کی پابند فورس ہے جس میں کسی متوازی تنظیم یا الگ ڈھانچے کی کوئی قانونی گنجائش نہیں ہے، اور چین آف کمانڈ کی پابندی ہر اہلکار پر فرض ہے۔
ایس ایچ او آیت اللہ خان نے نام نہاد پولیس کمیٹی کے بائیکاٹ کا اعلان کرتے ہوئے دوٹوک کہا کہ فورس کا اپنا باقاعدہ انتظامی ڈھانچہ موجود ہے اور آئی جی، آر پی او، ڈی پی او، ایس پی اور ایس ڈی پی او سمیت تمام اعلیٰ افسران کے احکامات ماننا ہر اہلکار کی محکمانہ ذمہ داری ہے کیونکہ پولیس قوانین کسی الگ تنظیم یا متوازی کمیٹی کی اجازت نہیں دیتے۔
ایس ایچ او تھانہ گمبٹ مسعود خان نے کہا کہ محکمہ پولیس میں انتشار پھیلانے اور نظم و ضبط توڑنے والے عناصر کی کوئی حرکت کسی صورت قابلِ قبول نہیں ہے، اور فورس اپنے سینئر افسران کے احکامات کے تحت ملک و قوم کی خدمت جاری رکھے گی۔
انسپکٹر نور احمد خان، ایس ایچ او تھانہ درہ آدم خیل آصف حیات اور ایس ایچ او تھانہ بلی ٹنگ ارشد محمود نے اپنے بیانات میں کہا کہ کوہاٹ پولیس ایک متحد اور منظم فورس ہے اور جو عناصر حالات بگاڑنے یا پولیس قوانین کی خلاف ورزی کی کوشش کر رہے ہیں انہیں فورس کا حصہ نہیں سمجھا جاتا جبکہ فورس کسی انتشار میں شریک ہونے کے بجائے جرائم پیشہ، دہشت گرد اور ملک دشمن عناصر کے خلاف سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑی رہے گی۔
ایس ایچ او فیاض خان نے اپنی 15 سالہ سروس کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کبھی محکمانہ نظم و ضبط کی خلاف ورزی نہیں کی، چین آف کمانڈ کے بغیر محکمہ نہیں چل سکتا اور وہ ملازمت کے آخری دن تک محکمانہ ضابطوں پر سختی سے قائم رہیں گے۔
ایس ایچ او سہیل خان نے سخت لہجے میں کہا کہ پولیس اہلکار کسی کے احسان مند بننے کے بجائے محکمانہ قوانین کے مطابق عوام کی خدمت کریں، ملک دشمن عناصر کا ہر محاذ پر مقابلہ کیا جائے گا اور شہداء و زخمی ساتھیوں کا بدلہ لیا جائے گا تاہم محکمانہ نظم و ضبط پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
ایس ایچ او جانان نے بھی محکمہ پولیس میں انتشار پیدا کرنے والے عناصر سے لاتعلقی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اہلکار آئی جی اور دیگر افسران کے احکامات کے مطابق اپنی ذمہ داریاں پوری دیانتداری سے نبھائیں گے۔
کوہاٹ پولیس کے افسران نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ نام نہاد پولیس امن کمیٹی کا حصہ بننے کے بجائے محکمانہ اتحاد برقرار رکھتے ہوئے عوام کے جان و مال کے تحفظ، قیامِ امن اور ملک دشمن عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔
یہ بھی پڑھیں : نام نہادبنوں پولیس امن کمیٹی کے شرپسند جتھے کی ایک اور دہشت گردانہ کارروائی منظر عام پر آگئی: نوجوان گاڑی سمیت اغوا،والد کی بازیابی کے لیے دہائیاں
دوسری جانب حاضر سروس پولیس اہلکاروں کی جانب سے قائم کردہ پولیس امن کمیٹیوں کی سرگرمیوں پر لکی مروت اور بنوں کے شہریوں نے شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے صوبائی انتظامیہ اور خصوصاً گورنر خیبر پختونخوا سے معاملے کے فوری اور فیصلہ کن حل کا مطالبہ کیا ہے۔
سینئر صحافی ظاہر شاہ شیرازی کا کہنا ہے کہ پولیس امن کمیٹیوں میں شامل حاضر سروس اہلکاروں کے پاس سرکاری اسلحہ، گولہ بارود، آلات اور پولیس کی گاڑیاں موجود ہیں تاہم اپنے افسران کے احکامات کی کھلی خلاف ورزی اور محکمانہ نظم و ضبط سے انحراف ایک انتہائی سنگین اور خطرناک معاملہ ہے۔
انہوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ جب کوئی اہلکار سرکاری وردی پہنے اور سرکاری شناختی کارڈ و اسلحہ رکھنے کے باوجود اپنے افسران کے احکامات تسلیم نہ کرے اور محکمانہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرے تو یہ عمل ریاست کے اندر ریاست قائم کرنے اور سرکاری حلف و ذمہ داری سے غداری کے مترادف ہے۔
ظاہر شاہ شیرازی کے مطابق سابق صوبائی حکومت اور سہیل آفریدی کے دور میں بنوں، لکی مروت اور کوہاٹ میں ان کمیٹیوں کی سرگرمیاں نمایاں ہوئیں اور پولیس کے اندر ایک متوازی فورس قائم کرنے کی کوشش کی گئی۔
انہوں نے واضح کیا کہ حاضر سروس اہلکاروں کا سرکاری وسائل استعمال کرنے کے باوجود اپنے کمانڈرز کے احکامات نہ ماننا ریاستی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ،دہشتگردی اور بددیانتی ہے۔
شہری ظاہر شاہ شیرازی نے زور دیا کہ پولیس امن کمیٹیوں کا معاملہ موجودہ انتظامی سیٹ اپ کے لیے ایک بڑا چیلنج ہے اور گورنر راج کے نفاذ کے بعد نئے روڈ میپ اور انتظامی نظام کا بنیادی مقصد دہشت گردی، انتشار اور تشدد کا خاتمہ کر کے صوبے میں پائیدار امن اور ریاستی رٹ قائم کرنا ہے۔
بنوں، لکی مروت اور کوہاٹ کے باشعور شہریوں، سیکیورٹی ماہرین اور سماجی حلقوں نے نام نہاد پولیس امن کمیٹیوں کے غیر قانونی رویے، ہائی وے کی بندش اور سرکاری وسائل کے غلط استعمال پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کوہاٹ پولیس کے افسران کے بائیکاٹ اور انضباط کے فیصلے کو سراہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : خیبر پختونخوا میں فضل الرحمان کی انتشاری کال بری طرح فلاپ: کارکن زمین گرم نہ کر سکے
عوامی و تجزیاتی حلقوں کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کے شکار علاقوں میں عوام کو تحفظ صرف قانون کی پابند، منظم اور چین آف کمانڈ پر قائم فورس ہی دے سکتی ہے نہ کہ کوئی ایسی متوازی یا غیر منضبط نام نہاد دہشتگرد کمیٹی جو محکمانہ نظم و ضبط توڑے اور عوام کو اذیت میں مبتلا کرے۔
ماہرین کے مطابق گورنر راج کے بعد انتظامی اصلاحات اور قانون کی سخت بالادستی کے ذریعے امن کمیٹیوں کے نام پر جاری بے ضابطگیوں، بددیانتی اور اختیارات کے ناجائز استعمال کا مستقل خاتمہ ناگزیر ہے تاکہ خیبر پختونخوا میں پائیدار امن اور ریاستی وقار بحال ہو سکے۔





