اڈیالہ جیل میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے درمیان ایک اہم ملاقات ہوئی ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق جیل ذرائع نے بتایا ہے کہ یہ ملاقات جیل کے کانفرنس روم میں کرائی گئی جو تقریباً 40 منٹ تک جاری رہی۔
ملاقات کے دوران بشریٰ بی بی نے بانی پی ٹی آئی کی خیریت دریافت کی اور خاص طور پر ان کی متاثرہ آنکھ کے حوالے سے سوالات کیے۔
جیل حکام کا کہنا ہے کہ یہ ملاقات مکمل طور پرجیل مینول کے طے شدہ ضابطوں کے تحت کرائی گئی ہے۔
دوسری جانب، جیل کے باہر صورتحال مختلف رہی جہاں بانی پی ٹی آئی کی بہنوں علیمہ خان، عظمیٰ خان اور نورین نیازی کو ملاقات کی اجازت نہیں دی گئی۔ طویل انتظار کے بعد عمران خان کی تینوں بہنیں اڈیالہ جیل سے واپس روانہ ہو گئیں۔
اسی طرح پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما سلمان اکرم راجہ اور دیگر وکلاء کو بھی اپنے موکل سے ملنے کی اجازت نہ مل سکی، جس پر وکلاء اور پارٹی رہنما جیل کے باہر سے ہی واپس چلے گئے۔





