افغانستان کے وادی پنجشیر میں طالبان رجیم کے خلاف گھروں کی دیواروں پر انقلابی نعرے درج کر دیے گئے ہیں جن میں مسلح مزاحمت اور عوامی اتحاد کی اپیل کی گئی ہے۔
ان نعروں نے خطے کی کشیدہ صورتحال کو ایک بار پھر نمایاں کر دیا ہے۔
دیواروں پر لکھے گئے نعروں میں واضح طور پر تنبیہ کی گئی ہے کہ طالبان کے لیے جاسوسی کرنے والوں کو عبرت ناک انجام کا سامنا کرنا پڑے گا جبکہ نیشنل ریزسٹنس فرنٹ (NRF) کو دہشت گردی کے خلاف واحد قوت کے طور پر پیش کیا گیا ہے۔
ان نعروں میں عوامی طاقت اور یکجہتی پر زور دیتے ہوئے یہ پیغام دیا گیا ہے کہ عوام کی قوت ان کے اتحاد میں پنہاں ہے۔
مزید برآں، اپنی ہی قوم کے خلاف برسرِ پیکار عناصر کے لیے سخت الفاظ استعمال کرتے ہوئے ان کی موت کی تمنا کی گئی ہے۔





