امریکی اخبار نیویارک ٹائمز نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران نے مشرقِ وسطیٰ میں امریکا کے سات ریڈار سسٹمز کو تباہ کر دیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق سیٹلائٹ تصاویر سے امریکی تنصیبات کو پہنچنے والے نقصان کی تصدیق ہوتی ہے۔
اخبار کا کہنا ہے کہ ایران نے امریکی فوج کے کمیونیکیشن سسٹم کو بھی نشانہ بنانے کی کوشش کی۔ رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ قطر، بحرین، کویت اور متحدہ عرب امارات میں موجود امریکی تنصیبات حملوں کی زد میں آئیں۔
رپورٹ کے مطابق بحرین میں امریکا کا سب سے بڑا ریڈار سسٹم تباہ ہوا، جو نیول آپریشنز کی نگرانی کے لیے استعمال کیا جاتا تھا۔
دوسری جانب امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) کے ترجمان نے اس حوالے سے براہِ راست تبصرہ کرنے سے گریز کیا ہے۔
ماہرین کے مطابق اگر یہ دعوے درست ثابت ہوتے ہیں تو اس کے مشرقِ وسطیٰ میں سکیورٹی اور عسکری توازن پر دور رس اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔




