آپریشن غضب للحق !طورخم میں دراندازی ناکام،افغان طالبان کمانڈر انجام کو پہنچ گیا

آپریشن غضب للحق !طورخم میں دراندازی ناکام،افغان طالبان کمانڈر انجام کو پہنچ گیا

آپریشن غضب للحق کے تحت پاک فوج کی افغان طالبان اور فتنہ الخوارج کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق طورخم کے قریب سرحد پار سے دراندازی کی ایک کوشش کو بروقت کارروائی کرتے ہوئے ناکام بنا دیا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کارروائی کے دوران دراندازی کرنے والا افغان طالبان کا مبینہ سرغنہ قہرمان اپنے ساتھیوں سمیت ہلاک ہو گیا۔ ہلاک ہونے والے کمانڈر کا تعلق جلال آباد سے بتایا جا رہا ہے۔

سیکیورٹی حکام کے مطابق حالیہ دنوں میں سرحدی علاقوں میں انٹیلی جنس بنیادوں پر آپریشنز میں تیزی لائی گئی ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ دہشت گرد کارروائی کو روکا جا سکے۔

اس سے قبل بھی آپریشن غضب للحق کے دوران مختلف سرحدی سیکٹرز میں کارروائیاں کی گئیں، جن میں قلعہ سیف اللہ، چمن، سمبازہ، گھڈوانہ، جانی اور غزنالی کے علاقے شامل ہیں۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ان مقامات کو مبینہ طور پر سرحد پار دہشت گردی کے لیے استعمال کیا جا رہا تھا۔

کارروائیوں کے دوران متعدد ٹھکانوں کو تباہ کرنے اور شدت پسند عناصر کو بھاری جانی و مالی نقصان پہنچانے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ پاک فوج ملکی خودمختاری کے تحفظ اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے پُرعزم ہے اور کسی بھی دراندازی یا دہشت گردی کی کوشش کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔

Scroll to Top