بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کی دو الگ کارروائیوں کے دوران بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے گروہ فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے 15 دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پہلی کارروائی ضلع ہرنائی میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کی گئی، جس میں فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا گیا۔ شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد بھارتی حمایت یافتہ 12 خوارج ہلاک ہوئے۔
دوسری کارروائی ضلع بسیمہ میں کی گئی، جس میں فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں کی موجودگی کا سراغ لگا کر مختلف نوعیت کے ہتھیاروں کے ذریعے انہیں نشانہ بنایا گیا۔ اس دوران بھارتی حمایت یافتہ 3 دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد کیا گیا۔ یہ عناصر متعدد دہشت گردانہ سرگرمیوں میں سرگرمِ عمل تھے۔
سکیورٹی فورسز کے علاقے میں کسی بھی مزید بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے دہشت گرد کے خاتمے کے لیے سرچ اور کلیئرنس آپریشن جاری ہیں۔
نیشنل ایکشن پلان کی وفاقی ایپکس کمیٹی کی منظوری سے شروع کیے گئے وژن عزمِ استحکام کے تحت پاکستان کی سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی دہشت گردی کے خلاف مسلسل مہم پوری رفتار سے جاری ہے تاکہ بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے ناسور کا ملک سے مکمل خاتمہ کیا جا سکے۔





