ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے اعلان کیا ہے کہ ایران پڑوسی ممالک کے خلاف کوئی حملہ یا میزائل حملہ نہیں کرے گا۔
صدر پزشکیان نے ایک بیان میں کہا کہ گزشتہ دنوں ایران کی جانب سے ہونے والے حملوں پر پڑوسی ممالک سے معذرت خواہ ہیں اور ایران کا کسی دوسرے ملک پر حملے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عبوری لیڈر شپ کونسل نے پڑوسی ممالک کے خلاف کسی بھی حملے یا میزائل حملے کی منظوری نہیں دی ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ ایران صرف اس وقت جواب دے گا جب کسی پڑوسی ملک کی سرزمین سے ایران پر حملہ کیا جائے۔ مسعود پزشکیان نے زور دیا کہ ایران، امریکہ اور اسرائیل کے سامنے سرنڈر نہیں کرے گا اور دشمن کو ایرانی عوام کے ہتھیار ڈالنے کی خواہش ناکام ہوگی۔
واضح رہے کہ ایران پر امریکی اور اسرائیل کی جانب سے حالیہ حملوں کے بعد ایران نے پڑوسی ممالک میں قائم امریکی فوجی اڈوں کو نشانہ بنایا تھا، جس کے نتیجے میں متعدد شہری بھی زخمی ہوئے تھے۔





