ایران پر حملوں سے عالمی توانائی بحران پیدا ہوا، عوام پر کم سے کم بوجھ ڈالنا ترجیح ہے، ثانیہ عاشق

مشیرِ وزیراعلیٰ پنجاب ثانیہ عاشق نےکہا ہے کہ ایران پر ہونے والے حملوں اور جاری جنگ نے پوری دنیا میں معاشی اور توانائی کا سنگین بحران پیدا کر دیا ہے۔

سوشل میڈیا ایکس پر جاری اپنے بیان میں انہوں نے بتایا کہ یہ ایک غیر معمولی صورتحال ہے جس میں عالمی منڈی میں تیل کی قیمت محض چند دنوں میں 78 ڈالر سے بڑھ کر 106 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی ہے۔

ثانیہ عاشق کا کہنا تھا کہ ملکی معیشت کی بقا کے لیے عالمی قیمتوں میں اضافے کا کم ترین حصہ عوام کو منتقل کرنا ناگزیر ہو چکا تھا تاہم وزیراعظم شہباز شریف کا پختہ عزم ہے کہ عام آدمی پر بوجھ کو کم سے کم رکھا جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور پاکستانی قوم اس مشکل وقت سے متحد ہو کر نکلے گی اور حکومت اس بحران کا مقابلہ کرنے کے لیے تمام ضروری اقدامات اٹھا رہی ہے۔

ثانیہ عاشق نے ذخیرہ اندوزوں کو سخت وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ صورتحال کا فائدہ اٹھا کر مصنوعی قلت پیدا کرنے والوں اور ناجائز منافع خوروں سے سختی سے نمٹا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ عوام کا استحصال کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا اور انتظامیہ کو متحرک کر دیا گیا ہے تاکہ مارکیٹ میں اشیاء کی قیمتوں اور فراہمی کو کنٹرول میں رکھا جا سکے۔

Scroll to Top