وزیراعظم کے خطاب کے بعد مرکزی مسلم لیگ نے سخت ردعمل دے دیا

اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف کے قوم سے خطاب پر مرکزی مسلم لیگ نے ردعمل دیتے ہوئے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر تشویش کا اظہار کیا ہے اور اس معاملے کی شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔

مرکزی مسلم لیگ کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا ہنگامی اجلاس منعقد ہوا جس میں خطے کی موجودہ صورتحال اور اس کے پاکستان پر ممکنہ اثرات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کے بعد جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ موجودہ حالات میں قومی اتحاد اور یکجہتی کی ضرورت پہلے سے زیادہ بڑھ گئی ہے۔

پارٹی کے ترجمان تابش قیوم نے کہا کہ موجودہ حالات میں ایثار، قربانی اور اتحاد و اتفاق وقت کا اہم تقاضہ ہے اور اللہ تعالیٰ پاکستان کو ان چیلنجز سے سرخرو کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ خطے کی صورتحال تشویشناک ہے اور درپیش مسائل کا مقابلہ قومی یکجہتی کے ذریعے ہی کیا جا سکتا ہے۔

تابش قیوم کا کہنا تھا کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کا رجحان دیکھا جا رہا ہے مگر اس کے باوجود حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی بات کی جا رہی ہے جو تشویش کا باعث ہے۔

یہ بھی پڑھیں : امریکا نے افغانستان کو غیر قانونی حراست کا ریاستی سرپرست قرار دے دیا

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کی جانب سے اس سے قبل بھی پٹرول کی قیمت میں 55 روپے فی لیٹر اضافہ کیا گیا تھا، حالانکہ اس وقت ملک میں تیل کے ذخائر موجود تھے۔ ان کے مطابق اس معاملے کی مکمل تحقیقات ہونی چاہئیں تاکہ عوام کے سامنے اصل حقائق لائے جا سکیں۔

مرکزی مسلم لیگ کے ترجمان نے مطالبہ کیا کہ حکومت پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق فیصلوں میں شفافیت کو یقینی بنائے اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کرے۔

Scroll to Top