مشرقِ وسطیٰ میں جاری جنگ کے اثرات پاکستان کے فضائی آپریشن پر بھی نمایاں طور پر ظاہر ہونے لگے ہیں۔ ایران جنگ کے 11ویں روز بھی پاکستان سے مشرقِ وسطیٰ جانے والی متعدد پروازیں منسوخ کر دی گئیں، جس کے باعث مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
ایوی ایشن ذرائع کے مطابق آج پاکستان سے مشرقِ وسطیٰ جانے والی 85 پروازیں منسوخ ہو گئی ہیں جبکہ مزید 56 پروازوں کے منسوخ ہونے کا بھی امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ جنگی صورتحال اور خطے میں فضائی حدود کے مسائل کے باعث فضائی آپریشن متاثر ہو رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی سے دبئی، شارجہ اور ابوظبی جانے والی 26 پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں جبکہ 10 مزید پروازوں کے بھی منسوخ ہونے کا خدشہ ہے۔ اسی طرح لاہور سے مشرقِ وسطیٰ کی 18 پروازیں منسوخ ہو چکی ہیں جبکہ 10 پروازوں کے آپریشن کی توقع کی جا رہی ہے۔
دوسری جانب اسلام آباد سے بھی 20 پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں جبکہ 11 پروازوں کی روانگی کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ فضائی حکام کا کہنا ہے کہ صورتحال کا مسلسل جائزہ لیا جا رہا ہے اور مسافروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ سفر سے قبل متعلقہ ایئرلائن سے اپنی پرواز کی معلومات ضرور حاصل کریں۔
ایوی ایشن حکام کے مطابق ایران جنگ کے آغاز سے اب تک پاکستان سے مشرقِ وسطیٰ جانے والی منسوخ پروازوں کی مجموعی تعداد 1600 تک پہنچ چکی ہے، جو خطے میں جاری کشیدگی کے باعث فضائی صنعت پر پڑنے والے اثرات کو واضح کرتی ہے





