پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان کھیلے گئے پہلے ایک روزہ میچ میں پاکستانی ٹیم 114 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔
ڈھاکا میں منعقدہ اس میچ میں پاکستان کی جانب سے سات کھلاڑی ڈبل فیگر میں داخل نہ ہو سکے اور پوری ٹیم 30.4 اوورز میں پویلین لوٹ گئی۔
یہ ون ڈے کرکٹ میں بنگلہ دیش کے خلاف پاکستان کا کم ترین اسکور ہے، اس سے قبل پاکستان کا کم ترین مجموعہ 162 رنز تھا۔
پاکستان کی جانب سے فہیم اشرف 37 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے جبکہ اپنا پہلا ون ڈے میچ کھیلنے والے صاحبزادہ فرحان نے 27 رنز اسکور کیے۔
دیگر کھلاڑیوں میں معاذ صداقت نے 12 اور محمد رضوان نے 10 رنز بنائے۔
بنگلہ دیش کی طرف سے ناہید رانا سب سے کامیاب بولر رہے جنہوں نے ابتدائی پانچ وکٹیں حاصل کیں۔ کپتان مہدی حسن میراز نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ مستفیض الرحمان اور تسکین احمد نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
اس میچ میں پاکستان کی جانب سے صاحبزادہ فرحان، معاذ صداقت اور شمائل حسین نے اپنے ون ڈے کیریئر کا آغاز کیا۔
اس سے قبل بنگلہ دیش کے کپتان مہدی حسن نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا اور موقف اختیار کیا تھا کہ ان کی ٹیم ہدف کا تعاقب کرنے میں بہتر ہے، اس لیے وہ جلد وکٹیں حاصل کر کے میچ میں برتری حاصل کرنے کی کوشش کریں گے۔





