دشمن کو ایرانیوں کے خون کا حساب دینا پڑے گا،مجتبیٰ خامنہ ای

ایران کے نئے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای نے شہدا کے خون کا بدلہ لینے کا  اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران اپنے شہدا، خصوصاً مناب سکول کے واقعے کا بدلہ لیے بغیر نہیں رہے گا اور دشمن کو ایرانیوں کے خون کا حساب دینا پڑے گا۔

اپنے پہلے آڈیو پیغام میں انہوں نے سٹریٹجک اہمیت کی حامل آبنائے ہرمز کو بند رکھنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ دشمن پر دباؤ ڈالنے کے لیے اسے بند رکھنا ضروری ہے، جبکہ ایرانی عوام اور قیادت کے درمیان رابطہ ہمیشہ قائم رہے گا۔

مجتبیٰ خامنہ ای نے واضح کیا کہ ان کا عہدہ ان سے کئی تقاضے کر رہا ہے اور وہ عوامی یکجہتی کے ساتھ دشمن کی تمام سازشوں کو ناکام بنائیں گے کیونکہ عوام کی حمایت کے بغیر ان کی کوئی اہمیت نہیں ہے۔

ایرانی سپریم لیڈر نے مشرق وسطیٰ سے امریکی انخلا کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ خطے میں موجود تمام امریکی اڈے بند کیے جائیں، بصورتِ دیگر ان پر حملے جاری رہیں گے۔

انہوں نے پڑوسی ممالک کے ساتھ دوستانہ روابط کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا کہ ایرانی فورسز صرف فوجی اڈوں کو نشانہ بنا رہی ہیں اور یہ سلسلہ ناگزیر طور پر جاری رکھا جائے گا۔

اپنے خطاب میں انہوں نے سابق سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے بتایا کہ انہیں 10 رمضان کو تلاوتِ قرآن کے دوران شہید کیا گیاتاہم مشکل وقت میں ایرانی عوام نے ہمیشہ بہتر فیصلے کیے اور ایرانی فورسز نے دشمن کو ہر محاذ پر دندان شکن جواب دے کر ثابت کیا کہ وہ ایک عظیم قوم ہیں۔

Scroll to Top