عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں تیزی کے باعث برینٹ خام تیل 101.3 ڈالر فی بیرل سے تجاوز کر گیا جبکہ امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ خام تیل بھی 96.27 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گیا۔
یہ اضافہ تیل کے محفوظ ذخائر مارکیٹ میں لانے کے اعلان کے باوجود ہوا اور عالمی توانائی ایجنسی نے 400 ملین بیرل تیل کے ذخائر جاری کرنے کا اعلان بھی کیا تھا۔
بین الاقوامی مارکیٹ میں برینٹ خام تیل کی قیمت میں 9.29 ڈالر کا اضافہ دیکھا گیا جبکہ امریکی خام تیل 9.02 ڈالر مہنگا ہوا۔
پاکستان میں اس کے اثرات براہِ راست نظر آئے، گزشتہ ہفتے حکومت نے عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کے پیش نظر پٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں فی لیٹر 55 روپے کا اضافہ کیا، پٹرول 321.17 روپے اور ڈیزل فی لیٹر 335.86 روپے میں فروخت ہو رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 55 روپے فی لیٹر تک اضافہ عوام دشمن فیصلہ ہے، ایمل ولی خان
دوسری جانب ترجمان اوگرا نے سوشل میڈیا پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید اضافے کی خبروں کی تردید کی ہے، ترجمان نے واضح کیا کہ اوگرا کی جانب سے کسی سمری وزیرِ اعظم آفس کو نہیں بھیجی گئی اور یہ دعویٰ سراسر بے بنیاد ہے۔





