رمضان ریلیف پیکیج: 12,500 روپے حاصل کرنے میں رکاوٹیں ختم، جانیں کیسے؟

پشاور: وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کی ہدایت پر رمضان ریلیف پیکیج 2026 کے تحت 12,500 روپے کی ادائیگی میں پیش آنے والی رکاوٹیں دور کر دی گئی ہیں، تاکہ رقم جلد از جلد مستحق افراد تک پہنچ سکے۔

محکمہ سماجی بہبود کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق رمضان ریلیف کی رقوم کی تقسیم کے دوران پیش آنے والے مسائل کے حل کے لیے خصوصی ریڈریسل کمیٹیاں قائم کی گئی ہیں۔

اعلامیے میں بتایا گیا کہ اگر کسی مستحق فرد کو رقم کے حصول میں مسائل کا سامنا ہو تو وہ فوری طور پر متعلقہ اسسٹنٹ کمشنر (AC) کے دفتر سے رابطہ کر سکتا ہے۔

اہم رکاوٹیں اور ان کے حل:

1. شناختی کارڈ یا موبائل نمبر کی غلطی:
جن افراد کا ڈیٹا نامکمل یا غلط ہے، اسسٹنٹ کمشنر آفس تصدیق کے بعد کیس ڈپٹی کمشنرکو ارسال کرے گا تاکہ درستگی کے بعد رقم جاری کی جا سکے۔

2. فنگر پرنٹ کے مسائل:
بزرگ یا معذور افراد جن کے فنگر پرنٹ میچ نہیں ہو رہے، وہ نادرا سے سرٹیفکیٹ اور فیملی رجسٹریشن سرٹیفکیٹ (FRC) حاصل کر کے AC آفس سے رابطہ کریں تاکہ رقم قریبی رشتہ دار کو منتقل کی جا سکے۔

3. مستحق فرد کی وفات:
اگر پیکیج کے لیے منتخب فرد وفات پا چکا ہو، تو ڈیتھ سرٹیفکیٹ اور درخواست جمع کروانے پر رقم نادرا ریکارڈ کے مطابق اہل خانہ کو ادا کی جائے گی۔

4. بلاک شدہ شناختی کارڈ:
بلاک شدہ CNIC پر ادائیگی ممکن نہیں ہوگی اور ایسی رقم واپس ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر کو منتقل کر دی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں : ملازمین کے لیے بڑی خوشخبری: ریٹائرمنٹ کے بعد مستقل ماہانہ آمدن کا نیا طریقہ

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے تمام انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ رمضان کے مقدس مہینے میں مستحقین کو دفاتر کے چکر لگوانے کے بجائے شکایات کا بروقت اور فوری ازالہ یقینی بنایا جائے تاکہ ریلیف کی رقم جلد از جلد ان تک پہنچ سکے۔

Scroll to Top