سکیورٹی ذرائع کے مطابق پاک فوج نے آپریشن ’غضب للحق‘ کے تحت ایک اہم کارروائی کرتے ہوئے قندھار ایئر فیلڈ کے قریب موجود آئل اسٹوریج سائٹس کو مؤثر حملوں کے ذریعے مکمل طور پر تباہ کر دیا۔ یہ کارروائی 12 اور 13 مارچ کی درمیانی شب کی گئی، جس کی ویڈیو بھی جاری کر دی گئی ہے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق جاری ویڈیو میں حملے سے قبل اور بعد کے واضح مناظر دکھائے گئے ہیں، جن میں ڈمپ سائٹس کو نشانہ بنائے جانے کے بعد بڑے دھماکوں اور آگ کے شعلے دیکھے جا سکتے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ کارروائی انتہائی درست منصوبہ بندی کے تحت کی گئی اور تمام اہداف کو کامیابی سے تباہ کیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ آئل اسٹوریج سائٹس شدت پسند عناصر اور افغان طالبان سے وابستہ گروہوں کے لیے اہم تھیں، جہاں ذخیرہ کیا گیا ایندھن دہشتگرد کارروائیوں، نقل و حرکت اور عسکری سرگرمیوں میں استعمال ہو رہا تھا۔ پاک فوج نے اس کارروائی میں مہارت اور جدید حکمت عملی کا مظاہرہ کیا، جس کے نتیجے میں شدت پسند عناصر کی لاجسٹک اور نقل و حرکت کی صلاحیت شدید متاثر ہوئی ہے۔
یہ کارروائی آپریشن ’غضب للحق‘ کے تحت کی گئی، جس کا بنیادی مقصد سرحدی علاقوں میں دہشتگرد نیٹ ورک کو کمزور کرنا اور ان کے ٹھکانوں کو ختم کرنا ہے۔ سکیورٹی حکام کے مطابق اس آپریشن میں دہشتگردوں کی پناہ گاہیں، تربیتی مراکز اور فوجی نوعیت کی تنصیبات بھی نشانہ بنائی جا رہی ہیں۔
علاقائی سیکیورٹی مبصرین کا کہنا ہے کہ قندھار ایئر فیلڈ کے قریب یہ آئل ڈمپ سائٹس شدت پسند گروہوں کے لیے نہایت اہم تھیں کیونکہ یہاں موجود ایندھن ان کی مختلف کارروائیوں کے لیے استعمال ہوتا تھا۔ حکام کا کہنا ہے کہ آپریشن ’غضب للحق‘ کے تحت کارروائیاں اس وقت تک جاری رہیں گی جب تک تمام اہداف مکمل طور پر حاصل نہ ہو جائیں۔
پاک فوج کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ دہشتگردی کے خاتمے میں کسی قسم کی نرمی نہیں برتی جائے گی اور قومی سلامتی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ اس کارروائی سے دہشتگرد نیٹ ورک کو بڑا دھچکا لگا ہے اور ان کی لاجسٹک صلاحیت متاثر ہوئی ہے، جبکہ سرحدی علاقوں میں امن و استحکام کے قیام کے لیے یہ اقدامات انتہائی اہم قرار دیے گئے ہیں۔





