متنازع رن آؤٹ پر غصے کا اظہار مہنگا پڑ گیا،سلمان علی آغا کے خلاف آئی سی سی کی کارروائی

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے بنگلہ دیش کے خلاف دوسرے ون ڈے میچ میں متنازع رن آؤٹ کے بعد ردعمل ظاہر کرنے پر پاکستانی بیٹر سلمان علی آغا کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا مرتکب قرار دیتے ہوئے ایک ڈی میرٹ پوائنٹ دے دیا ہے۔

آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق سلمان علی آغا کوڈ آف کنڈکٹ کے لیول ون کی خلاف ورزی کے مرتکب پائے گئے، جس پر انہیں باقاعدہ تنبیہ بھی جاری کر دی گئی ہے۔

آئی سی سی کا کہنا ہے کہ سلمان علی آغا نے میچ کے دوران آرٹیکل 2.2 کی خلاف ورزی کی، جو بین الاقوامی میچ کے دوران کرکٹ کے سامان، لباس یا گراؤنڈ کے آلات کے ساتھ نامناسب رویہ اختیار کرنے سے متعلق ہے۔

پاکستانی بیٹر نے اپنی غلطی کا اعتراف کر لیا ہے جس کے بعد ان کے ریکارڈ میں ایک ڈی میرٹ پوائنٹ شامل کر دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ ڈھاکا کے شیر بنگلہ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ کے دوران بنگلہ دیشی کپتان مہدی حسن میراز نے سلمان علی آغا کو نان اسٹرائیکر اینڈ پر متنازع طریقے سے رن آؤٹ کیا تھا۔

اس عمل پر سلمان علی آغا نے میدان سے باہر جاتے ہوئے شدید غصے کا اظہار کیا تھا۔ سابق کرکٹرز رمیز راجہ اور محمد حفیظ نے بھی اس رن آؤٹ کو اسپورٹس مین اسپرٹ کے منافی قرار دیا جبکہ سوشل میڈیا پر بھی بنگلہ دیشی کپتان کو شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

Scroll to Top