ڈیجیٹل پروپیگنڈا بے نقاب، یو اے ای نے 19 بھارتیوں سمیت 35 افراد کو گرفتار کرنے کا حکم دیدیا

ڈیجیٹل پروپیگنڈا بے نقاب، یو اے ای نے 19 بھارتیوں سمیت 35 افراد کو گرفتار کرنے کا حکم دیدیا

متحدہ عرب امارات نے ایران سے متعلق جنگی صورتحال پر سوشل میڈیا پر گمراہ کن اور جعلی ویڈیوز پھیلانے کے الزام میں 35 افراد کی گرفتاری کا حکم دے دیا ہے، جن میں 19 بھارتی شہری بھی شامل ہیں۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق یو اے ای کے اٹارنی جنرل ڈاکٹر حمد سیف الشامسی نے بتایا کہ حکام نے ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کی نگرانی کے دوران ان افراد کی سرگرمیوں کا سراغ لگایا۔ ملزمان پر الزام ہے کہ انہوں نے جنگ سے متعلق جھوٹی معلومات، مصنوعی ذہانت (اے آئی) سے تیار کردہ ویڈیوز اور اشتعال انگیز مواد شیئر کیا، جس سے عوام میں خوف اور بے چینی پھیلنے کا خدشہ تھا۔ حکام کے مطابق تمام ملزمان کے خلاف تیز رفتار ٹرائل کیا جائے گا۔

یو اے ای کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق ملزمان کو تین گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ پہلے گروپ میں 10 افراد شامل ہیں جن میں 5 بھارتی، ایک پاکستانی، ایک نیپالی، 2 فلپائنی اور ایک مصری شہری شامل ہے۔ ان افراد نے میزائلوں کی پرواز اور ان کے روکنے سے متعلق حقیقی ویڈیوز شیئر کیں، تاہم ان کے ساتھ ایسی آوازیں اور تبصرے شامل کیے گئے جن سے یہ تاثر پیدا ہوا کہ یو اے ای پر حملہ ہو رہا ہے۔

دوسرے گروپ میں 7 افراد شامل ہیں جن میں 5 بھارتی، ایک نیپالی اور ایک بنگلہ دیشی شہری شامل ہے۔ ان افراد پر الزام ہے کہ انہوں نے مصنوعی ذہانت سے تیار کردہ جعلی ویڈیوز اور دیگر ممالک کے واقعات کی فوٹیج کو یو اے ای سے منسوب کر کے سوشل میڈیا پر شیئر کیا۔

تیسرے گروپ میں 6 افراد شامل ہیں جن میں 5 بھارتی اور ایک پاکستانی شہری شامل ہے۔ ان ملزمان پر ایران کی قیادت اور فوجی کارروائیوں کی تعریف کرنے اور ایران کے حق میں پروپیگنڈا پھیلانے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ دو مزید بھارتی شہریوں پر بھی اسی نوعیت کے الزامات لگائے گئے ہیں۔

حکام کے مطابق ایسے جرائم یو اے ای کے قوانین کے تحت سنگین جرم تصور کیے جاتے ہیں، جن کی سزا کم از کم ایک سال قید اور ایک لاکھ درہم جرمانہ ہو سکتی ہے۔

Scroll to Top