پی ایس ایل 11: ٹکٹوں کی قیمتیں اور شیڈول جاری، شائقین کے لیے بڑی خوشخبری

Pakistan SCO Summit 2026

پی ایس ایل 11 کے میچز کے لیے ٹکٹوں کی آن لائن فروخت کل دوپہر 12 بجے سے باقاعدہ طور پر شروع کر دی جائے گی۔

پی ایس ایل حکام کے مطابق جو شائقین فزیکل ٹکٹس حاصل کرنا چاہتے ہیں، انہیں 24 مارچ سے نامزد کوریئر سروس کی شاخوں پر یہ سہولت میسر ہوگی۔

شائقین کی سہولت اور اسٹیڈیم تک رسائی کو آسان بنانے کے لیے اس بار ٹکٹوں کی قیمتیں انتہائی مناسب رکھی گئی ہیں جس کے تحت لاہور اور کراچی میں جنرل اسٹینڈ کا ٹکٹ صرف 250 روپے سے شروع ہوگا۔

ٹکٹوں کی قیمتوں کے حوالے سے جاری تفصیلات میں بتایا گیا ہے کہ فیصل آباد میں سستا ترین جنرل ٹکٹ 300 روپے کا ہوگا جبکہ ملتان اور راولپنڈی میں کرکٹ شائقین کو جنرل اسٹینڈ کے لیے کم از کم 400 روپے ادا کرنا ہوں گے۔

شفافیت کو برقرار رکھنے اور ٹکٹوں کی بلیک میں فروخت روکنے کے لیے پالیسی واضح کی گئی ہے کہ ایک شناختی کارڈ پر زیادہ سے زیادہ 8 ٹکٹ خریدے جا سکیں گے۔

اس کے علاوہ کراچی، لاہور اور راولپنڈی کے شائقین کے لیے محدود تعداد میں ای ٹکٹ (E-ticket) کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے تاکہ وہ قطاروں میں لگے بغیر میچ کا لطف اٹھا سکیں۔

پی ایس ایل کے سی ای او سلمان نصیر نے اس حوالے سے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پی ایس ایل 11 کے ٹکٹوں کی فروخت کا آغاز ایک نئے دور کی نمائندگی کرتا ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ قیمتوں کو جان بوجھ کر کم رکھا گیا ہے تاکہ عام آدمی اور نوجوان شائقین کی اسٹیڈیم تک رسائی ممکن ہو سکے اور وہ اپنے پسندیدہ کھلاڑیوں کو ایکشن میں دیکھ سکیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ لیگ کی مقبولیت میں اضافہ شائقین کی اسٹیڈیم میں موجودگی سے ہی ممکن ہے اسی لیے ٹکٹنگ کے عمل کو مزید آسان اور سستا بنایا گیا ہے۔

Pakistan SCO Summit 2026
Scroll to Top