راولپنڈی: پاکستان سپر لیگ میں شامل ٹیم ’پنڈیز‘ نے سوشل میڈیا پر اپنا نام تبدیل کر کے ’راولپنڈیز‘ رکھ دیا ہے، جس کے بعد کرکٹ شائقین میں اس تبدیلی پر دلچسپی پائی جا رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق پی ایس ایل انتظامیہ کی جانب سے فرنچائز کو ہدایت دی گئی تھی کہ ٹیم کے نام میں متعلقہ شہر کا مکمل نام شامل رکھا جائے۔
اسی ہدایت کے پیش نظر ٹیم نے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر اپنا نام تبدیل کرتے ہوئے ’راولپنڈیز‘ لکھنا شروع کر دیا ہے۔
تاہم ٹیم کے نام کی اس تبدیلی کے حوالے سے فرنچائز کی جانب سے ابھی تک کوئی باضابطہ اعلان جاری نہیں کیا گیا۔
گزشتہ شب جاری ہونے والی پریس ریلیز میں ٹیم کو بدستور ’پنڈیز‘ کہہ کر مخاطب کیا گیا تھا، جبکہ پاکستان سپر لیگ کے آفیشل سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر ٹیم کو ’راولپنڈیز‘ کے نام سے ظاہر کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں : پی ایس ایل 11: ٹکٹوں کی قیمتیں اور شیڈول جاری، شائقین کے لیے بڑی خوشخبری
واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ میں ٹیموں کے نام عموماً اپنے متعلقہ شہروں کے ساتھ منسلک ہوتے ہیں، اسی تناظر میں انتظامیہ کی جانب سے مکمل شہر کا نام شامل کرنے کی ہدایت دی گئی تھی۔
ٹیم کے نام کی تبدیلی کے بعد آئندہ میچز اور آفیشل دستاویزات میں بھی ’راولپنڈیز‘ کا نام استعمال کیے جانے کا امکان ہے۔





