بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کی کارروائی،کالعدم دہشتگرد تنظیم بی ایل اے کی خاتون خود کش بمبار گرفتار

بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کی کارروائی،کالعدم دہشتگرد تنظیم بی ایل اے کی خاتون خود کش بمبار گرفتار

بلوچستان میں سکیورٹی فورسز نے کالعدم دہشتگرد تنظیم بی ایل اے کی خاتون خودکش بمبار کو گرفتار کر کے ایک بڑی کامیابی حاصل کی ہے۔ گرفتار خاتون بمبار لائبہ نے انکشاف کیا ہے کہ اسے خودکش مشن کے لیے ذہن سازی کی گئی تھی اور اسے تربیت دی جا رہی تھی، تاہم سکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی نے ایک ممکنہ خونریز واقعہ ٹال دیا۔

وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے پریس کانفرنس میں کہا کہ سکیورٹی فورسز کی کارکردگی قابل تحسین ہے اور اس کامیاب آپریشن سے کئی معصوم جانیں بچائی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام دہشتگردی کو قبول نہیں کرتے اور حکومت کے ساتھ مل کر اہم معلومات فراہم کر رہے ہیں۔

وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ دہشتگرد بلوچ خواتین کا استحصال کر رہے ہیں اور بلوچیت کے نام پر عوام کو گمراہ کیا جا رہا ہے۔ سکیورٹی فورسز نے اس اقدام کے ذریعے بلوچستان کو محفوظ بنایا ہے اور خواتین کے مسائل کو خاص طور پر لیڈیز پولیس کے دائرہ کار میں رکھا جائے گا۔

گرفتار خودکش بمبار لائبہ نے انکشاف کیا کہ کمانڈر ابراہیم نے اسے ذہن سازی کے ذریعے مشن کے لیے تیار کیا اور اسے دیگر لڑکیوں کو بھی تربیت دینے کی ہدایت دی گئی تھی۔ لائبہ کا کہنا تھا کہ اسے خضدار سے گرفتار کیا گیا اور وہ سکیورٹی اداروں کی کارروائی پر شکر گزار ہے۔

لائبہ نے تمام خواتین سے اپیل کی کہ وہ کسی بھی غلط سرگرمی میں شامل نہ ہوں اور خودکش حملوں سے دور رہیں۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی نے بھی دہشتگردوں کے خلاف مسلسل کارروائیوں اور ریاست کی رٹ قائم رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

Scroll to Top