پشاورمیں عید الفطر کیلئے جامع سیکیورٹی پلان تیار، 5500 سے زائد اہلکار تعینات

پشاورمیں عید الفطر کیلئے جامع سیکیورٹی پلان تیار، 5500 سے زائد اہلکار تعینات

کیپٹل سٹی پولیس پشاور نے عید الفطر کے موقع پر امن و امان برقرار رکھنے اور ٹریفک کی روانی کو یقینی بنانے کے لیے جامع سیکیورٹی اور ٹریفک پلان تشکیل دے دیا ہے۔

ترجمان پشاور پولیس کے مطابق چاند رات اور عید کے ایام میں 5500 سے زائد پولیس افسران اور اہلکار سیکیورٹی اور ٹریفک کے فرائض سر انجام دے رہے ہیں، جبکہ شہر بھر میں سیکیورٹی کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔

بازاروں اور عوامی مقامات کی نگرانی کے لیے گھوڑے سوار پولیس، لیڈیز پولیس کے اسپیشل دستے، ڈرون کیمرے اور سنیفر ڈاگز کا استعمال کیا جا رہا ہے۔

عوام کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ابابیل سکواڈ، سٹی پٹرولنگ فورس، اے ٹی ایس اور دیگر یونٹس کو بھی اضافی گشت پر مامور کیا گیا ہے۔

ٹریفک کی صورتحال کو کنٹرول کرنے کے لیے ایک ہزار سے زائد ٹریفک اہلکار تعینات کیے گئے ہیں تاکہ شہریوں کو آمد و رفت میں دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

سیکیورٹی اقدامات کے تحت عید گاہوں اور حساس مساجد کی بی ڈی یو ٹیموں کے ذریعے سویپنگ کی جائے گی، جبکہ بازاروں اور عبادت گاہوں میں سادہ کپڑوں میں ملبوس اہلکار بھی نگرانی کریں گے۔

ترجمان نے مزید بتایا کہ چاند رات پر ہوائی فائرنگ کی روک تھام کے لیے خصوصی آگاہی مہم کے ساتھ ساتھ سخت حفاظتی اقدامات کیے گئے ہیں اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

پشاور پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ شہر میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے پولیس کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔

Scroll to Top