ملک مختلف علاقوں میں بارش کی پیشگوئی،این ڈی ایم اے کا الرٹ جاری

ملک کے مختلف علاقوں میں بارش کی پیشگوئی،این ڈی ایم اے کا الرٹ جاری

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے آئندہ 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے مختلف حصوں میں موسلادھار بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا الرٹ جاری کرتے ہوئے تمام صوبائی اور ضلعی اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کر دی ہے۔

ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق پنجاب، خیبر پختونخوا، بلوچستان، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں بارش جبکہ پہاڑی علاقوں میں برفباری کا قوی امکان ہے جس کے باعث نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے اور ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

پنجاب اور وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے مختلف شہروں بشمول لاہور، راولپنڈی، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، فیصل آباد، سرگودھا، مری اور میانوالی میں بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے جبکہ مری اور گلیات جیسے علاقوں میں برفباری کی توقع ہے۔ اسی طرح خیبر پختونخوا کے اضلاع پشاور، مردان، سوات، مانسہرہ، ایبٹ آباد اور چترال میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑی علاقوں میں برفباری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

سندھ کے مختلف اضلاع جن میں کراچی، حیدرآباد، سکھر، میرپورخاص اور بدین شامل ہیں، وہاں بھی آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران وقفے وقفے سے بارش ہو سکتی ہے۔ بلوچستان کے علاقوں کوئٹہ، ژوب، زیارت، گوادر اور تربت میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے جبکہ آزاد کشمیر کے اضلاع مظفرآباد، وادی نیلم اور میرپور سمیت گلگت بلتستان کے علاقوں سکردو، ہنزہ اور دیامیر میں بھی شدید موسمی صورتحال کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ تیز ہواؤں، آندھی اور جھکڑ کے باعث کمزور تعمیرات اور بجلی کی تنصیبات کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔ حکام نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور متعلقہ اداروں کو کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار رہنے کا حکم دیا ہے۔

Scroll to Top