پاکستان سنی تحریک کے چیئرمین ثروت اعجاز قادری نے اپنے ایک اہم بیان میں کہا ہے کہ آج کے دور میں امتِ مسلمہ کا اتحاد ہی ہمارا سب سے بڑا ہتھیار اور کامیابی کا اصل راز ہے جبکہ مشرقِ وسطیٰ کے سنگین جنگی حالات کے تناظر میں کوئی بھی باشعور مسلمان فرقہ واریت پھیلانے کا سوچ بھی نہیں سکتا۔
انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان میں تمام مسالک موجود ہیں اور جو شخص یہاں بیٹھ کر تفرقہ بازی کرتا ہے وہ پاکستان اور ایران کا خیر خواہ نہیں بلکہ دشمن ہے۔ ہم نے ہمیشہ غزہ، فلسطین، شام اور کشمیر کے مظلوموں کے لیے مل کر آواز اٹھائی ہے۔
ثروت اعجاز قادری نے ایران پر حملے کو عالمِ اسلام پر حملہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ تمام مکتبہ فکر نے اس کے خلاف متحد ہو کر آواز اٹھا کر ثابت کیا کہ اتحاد ہی ہماری اصل طاقت ہے لیکن افسوس کہ کچھ عناصر اپنے سیاسی مفادات کے لیے نفرت اور تقسیم کا سہارا لے رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایسی نفرت انگیز سیاست نہ پاکستان کے لیے مفید ہے اور نہ ہی فلسطین و غزہ کے مسلمانوں کے لیے، لہٰذا ہر پاکستانی پر فرض ہے کہ وہ ایسے عناصر کو مسترد کر کے اتحاد و اتفاق کو فروغ دے کیونکہ اسی میں ہماری بقا اور کامیابی پنہاں ہے۔





