پاکستان میں تعینات سعودی سفیر کا مشرق وسطیٰ کی صورتحال اور پاکستان کی امن کی کوششوں پر اہم بیان

سعودی عرب نے خطے میں جاری کشیدگی اور بحران کو پرامن طریقوں سے حل کرنے کے لیے حکومتِ پاکستان کے ذمہ دارانہ موقف اور دانشمندانہ اقدامات کو بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔

پاکستان میں تعینات سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے ویڈیو بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ مملکتِ سعودی عرب پاکستان کے ان مسلسل اقدامات کو سراہتی ہے جو علاقائی امن و استحکام کے فروغ میں ایک مثبت اور تعمیری کردار کو ظاہر کرتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا یہ دانشمندانہ رویہ موجودہ صورتحال میں انتہائی اہمیت کا حامل ہے ۔

نواف بن سعید المالکی نے مملکت سعودی عرب سمیت دیگر خلیجی ممالک پر ہونے والے ایرانی حملوں پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔

سعودی سفیر کا کہنا ہے کہ یہ اقدامات خود مختار ریاستوں کے خلاف بلاجواز جارحیت ہیں جو کسی بھی تنازع کا حصہ نہیں ہیں، اور یہ کارروائیاں بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کے منشور کی کھلی خلاف ورزی کے زمرے میں آتی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ان افسوسناک حملوں کے نتیجے میں نہ صرف شہری جانوں کا ضیاع ہوا ہے بلکہ رہائشی علاقوں، ہوائی اڈوں اور ہوٹلوں سمیت اہم سویلین انفراسٹرکچر کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے جو کہ عالمی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے۔

نواف بن سعید المالکی نے خبردار کیا کہ یہ خطرات اب عالمی شہ رگ یعنی آبنائے ہرمزتک پھیل رہے ہیں جو صرف ایک بحری راستہ نہیں بلکہ عالمی معیشت کے استحکام اور توانائی کی سلامتی کا ضامن ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ یہ اب صرف ایک علاقائی خطرہ نہیں رہا بلکہ ایک عالمی انسانی مسئلہ بن چکا ہے جو پوری دنیا کے عوام کی زندگیوں اور ان کی ترقی کے حقوق کو براہِ راست متاثر کر رہا ہے۔

سعودی سفیر کے مطابق ریاستوں کی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا اور خطے کا امن تمام ممالک کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

سعودی سفیر نےکہاکہ ان کا یہ پیغام محض سیاسی نہیں بلکہ خالصتاً انسانی بنیادوں پر مبنی ہے کیونکہ بین الاقوامی قوانین کا احترام ہی سب کے مستقبل کے تحفظ کے لیے ناگزیر ضرورت ہے۔

انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ موجودہ بحرانوں پر قابو پانے کا واحد ذریعہ دانشمندی، بین الاقوامی یکجہتی اور انسانی اصولوں پر سختی سے قائم رہنا ہے اور یہی راستہ دنیا میں امن و سلامتی کے تحفظ کو یقینی بنا سکتا ہے۔

Scroll to Top