پاکستان خطے میں جاری کشیدگی کے خاتمے کے لیے متحرک سفارتکاری میں مصروف ہے، جس کے تحت آج اسلام آباد میں اہم علاقائی رہنماؤں کا ایک کلیدی اجلاس منعقد ہوگا۔ اجلاس میں سعودی عرب، ترکی اور مصر کے وزرائے خارجہ شرکت کریں گے، جبکہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اجلاس کی صدارت کریں گے۔
ترکی اور مصر کے وزرائے خارجہ پہلے ہی اسلام آباد پہنچ چکے ہیں، جبکہ سعودی وزیر خارجہ کی آمد آج متوقع ہے۔ تینوں وزرائے خارجہ وزیراعظم شہباز شریف سے بھی ملاقات کریں گے، جس میں خطے کی مجموعی صورتحال اور ممکنہ حل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ ایران کے ساتھ مسلسل رابطہ برقرار ہے اور پاکستان خلوص نیت کے ساتھ تنازع کے پرامن حل کے لیے کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دوست ممالک بھی اس سفارتی عمل میں پاکستان کے ساتھ تعاون کر رہے ہیں۔
دوسری جانب اسحاق ڈار نے قطر کے وزیراعظم سے بھی رابطہ کیا، جس میں دونوں رہنماؤں نے خطے میں فوری طور پر کشیدگی کم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق قطر نے امن و استحکام کے لیے پاکستان کی سفارتی کاوشوں کو سراہا ہے۔





