چارسدہ: ولی باغ کے ترجمان عامر عالم خان نے پرویز خٹک کے عوامی نیشنل پارٹی سے رابطوں اور شمولیت سے متعلق خبروں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے ان کی تردید کردی۔
ولی باغ کے ترجمان نے وضاحت کی کہ کسی بھی شمولیت کے حوالے سے براہ راست ولی باغ یا ایمل ولی خان سے کوئی رابطہ نہیں کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ اے این پی کا ایک منظم تنظیمی ڈھانچہ موجود ہے، اور پارٹی میں شمولیت کے تمام معاملات تنظیمی طریقہ کار کے تحت طے کیے جاتے ہیں۔
عامر عالم خان کے مطابق اے این پی کے تمام فیصلے اور سیاسی رابطے تنظیمی پلیٹ فارمز کے ذریعے ہوتے ہیں، اور کچھ لوگ محض سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کے لیے ولی باغ کا نام استعمال کرنے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ کسی بھی شخصیت کا قد کاٹھ کتنا ہی بڑا کیوں نہ ہو، ان کی شمولیت کا فیصلہ متعلقہ تنظیمی فورم ہی کرے گا۔ ولی باغ 100 سالہ تاریخ رکھتی ہے اور بے بنیاد پروپیگنڈے کی شدید مذمت کرتی ہے۔