سابق چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا ڈی جی پاسپورٹ تعینات

عظمت اللہ
پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس کے سینئر افسر محمد علی رندھاوا نے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) پاسپورٹ اینڈ امیگریشن کا چارج سنبھالتے ہی ادارے میں بڑے پیمانے پر اصلاحات کا اشارہ دے دیا ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں انہوں نے عزم ظاہر کیا ہے کہ پاسپورٹ اینڈ امیگریشن میں ہر سطح پر ریفارمز کے عمل کو ہنگامی بنیادوں پر مکمل کیا جائے گا تاکہ عوام کو درپیش مشکلات کا خاتمہ ممکن ہو سکے۔

ڈی جی پاسپورٹ اینڈ امیگریشن محمد علی رندھاوا کا کہنا ہے کہ پورے ملک میں پاسپورٹ کے نظام کو مکمل طور پر ڈیجیٹائزڈ کیا جائے گا اور ادارے میں پیپر لیس کلچر کو فروغ دیا جائے گا۔

انہوں نے واضح کیا کہ ان کی اولین ترجیح سروس ڈیلیوری میں بہتری اور عوام کی سہولت ہے۔ اس سلسلے میں مصنوعی ذہانت (AI) کے جدید ٹولز کا سہارا لیا جائے گا تاکہ جعلی پاسپورٹ کی روک تھام اور شناخت کے عمل کو مزید شفاف اور فول پروف بنایا جا سکے۔

بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے خوشخبری سناتے ہوئے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ پاسپورٹ کی تجدید (ری نیول) کے عمل کو مزید تیز اور آسان بنایا جا رہا ہے۔ سمندر پار پاکستانیوں کے مسائل کے فوری ازالے کے لیے نظام میں جدت لائی جائے گی تاکہ انہیں کسی بھی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

Scroll to Top