پشاور: خیبرپختونخوا کے صوبائی دارالحکومت پشاور میں ایس ایس سی سالانہ امتحانات 2026 کے سلسلے میں ضلعی انتظامیہ نے نقل اور غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے لیے دفعہ 144 نافذ کر دی ہے۔
ڈپٹی کمشنر پشاور کپتان (ر) ثناء اللہ خان کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق ضلع بھر میں مائیکرو فوٹو اسٹیٹ مواد، پاکٹ گائیڈز اور دیگر نقل میں استعمال ہونے والے مواد کی فروخت، خرید و فروخت، تقسیم اور استعمال پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ یہ اقدام امتحانات کے دوران شفاف اور منصفانہ تعلیمی عمل کو یقینی بنانے کے لیے کیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ پابندی کی خلاف ورزی کرنے والے افراد کے خلاف دفعہ 144 کے تحت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
انتظامیہ نے عوام دکانداروں اور طلبا سے اپیل کی ہے کہ وہ قانون کی مکمل پاسداری کریں اور امتحانی نظام کی شفافیت کو برقرار رکھنے میں انتظامیہ کا ساتھ دیں۔
یہ بھی پڑھیں : بونیر میں زلزلے کے جھٹکے، متعدد افراد متاثر، طبی امداد جاری
مزید بتایا گیا ہے کہ امتحانی مراکز کے قریب خصوصی نگرانی اور چیکنگ کے انتظامات کیے گئے ہیں تاکہ کسی بھی غیر قانونی سرگرمی کو بروقت روکا جا سکے۔
ضلعی انتظامیہ نے کہا کہ وہ ہر ممکن اقدامات کرے گی تاکہ طلبا بغیر کسی دباؤ کے اپنے امتحانات میں حصہ لے سکیں۔
یہ پابندی ایس ایس سی سالانہ امتحانات کے پورے شیڈول کے دوران نافذ رہے گی اور اس کے اثرات ضلع بھر میں سختی سے لاگو ہوں گے تاکہ طلبا کے حق میں منصفانہ اور محفوظ تعلیمی ماحول فراہم کیا جا سکے۔





