بلوچستان کے مختلف اضلاع میں بارشوں سے سیلابی صورتحال، ایف سی کا بڑے پیمانے پر ریسکیو آپریشن شروع

بلوچستان کے مختلف علاقوں چمن، قلعہ عبداللہ، گلستان، لورالائی، سبی اور دکی میں شدید بارشوں کے بعد پیدا ہونے والی سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ایف سی بلوچستان نے بروقت کارروائیاں شروع کر دی ہیں۔

ایف سی بلوچستان نارتھ اور سول انتظامیہ کی جانب سے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اور ریلیف آپریشن بھرپور انداز میں جاری ہے تاکہ عوام کو فوری ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

متاثرہ علاقوں میں عوام کی سہولت اور آمد و رفت کو برقرار رکھنے کے لیے ٹریفک کنٹرول سینٹرز فعال کر دیے گئے ہیں جہاں ایف سی کے جوان شہریوں اور مسافروں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے میں مصروف ہیں۔

اس کے ساتھ ساتھ ایف سی بلوچستان کی جانب سے سیلاب سے متاثرہ افراد کے لیے خوراک اور ضروری طبی امداد کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا جا رہا ہے۔

ایف سی بلوچستان (نارتھ) اور سول انتظامیہ کی ان امدادی کاوشوں پر مقامی شہریوں نے مکمل اطمینان کا اظہار کیا ہے۔

متاثرہ شہریوں کا کہنا ہے کہ مشکل کی اس گھڑی میں ایف سی بلوچستان کی جانب سے کی جانے والی بروقت امدادی کارروائیاں قابلِ ستائش ہیں اور وہ اس مدد پر فورس کے بے حد شکر گزار ہیں۔

Scroll to Top