پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 11 کے 12ویں میچ میں راولپنڈیز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 156 رنز بنائے اور حریف ٹیم کو جیت کے لیے 157 رنز کا ہدف دیا ہے۔
لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے اس میچ میں راولپنڈیز کی جانب سے کامران غلام نمایاں بلے باز رہے جنہوں نے 39 گیندوں پر 50 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی۔
مڈل آرڈر میں ڈیان فوریسٹر نے محض 19 گیندوں پر 44 رنز کی جارحانہ باری کھیل کر مجموعے کو سہارا دیا، جبکہ عبداللہ فضل 23 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
راولپنڈیز کے ٹاپ آرڈر کو اسلام آباد کے باؤلرز نے جلد قابو کر لیا۔کپتان محمد رضوان اور یاسر خان صرف 2، 2 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ دیگر کھلاڑیوں میں ڈیرل مچل 19 اور سیم بلنگز 7 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے رچرڈ گلیسن اور سلمان ارشاد نے نپی تلی باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے ٹاس جیت کر اوس کے فیکٹر کو مدنظر رکھتے ہوئے پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا تاکہ ہدف کا تعاقب آسان ہو سکے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز لاہور قلندرز نے ملتان سلطانز کو بارش سے متاثرہ میچ میں 20 رنز سے شکست دی تھی۔





