اگر وفاقی حکومت منی بجٹ لاتی ہے تو غیر مشروط حمایت کریں گے، بلاول بھٹو زرداری

چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زداری نے وفاقی حکومت کے مکنہ منی بجٹ کی غیر مشروط حمایت کا اعلان کر دیا ہے۔

چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے وفاقی حکومت کے ممکنہ منی بجٹ کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ مشکل معاشی حالات میں عوام کو ریلیف دینا ناگزیر ہو چکا ہے۔

سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کی برسی کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ اگر وفاقی حکومت منی بجٹ لاتی ہے تو پیپلز پارٹی اس کا ساتھ دے گی۔

بلاول بھٹو زداری نے کہا کہ ایران جنگ کے اثرات کے باعث ملکی معیشت متاثر ہو رہی ہے اور عوام اس صورتحال سے بخوبی آگاہ ہیں۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ وفاق اور صوبائی حکومتیں مل کر عوام کو ریلیف فراہم کرنے کی کوشش کر رہی ہیں تاہم شدید مہنگائی کے پیش نظر مزید اقدامات ضروری ہیں۔

انہوں نے اعلان کیا کہ چھوٹے کسانوں کی مدد ہاری کارڈ کے ذریعے کی جائے گی جبکہ سندھ حکومت عام آدمی کو ریلیف دینے کے لیے مختلف اقدامات کر رہی ہے، جن میں موٹرسائیکل رکھنے والوں کے لیے سبسڈی بھی شامل ہے۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم نے پبلک ٹرانسپورٹ، ٹرکوں اور مال بردار گاڑیوں کے لیے سبسڈی کی ڈیجیٹل منتقلی کا آغاز کر دیا

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے غریب طبقے کی مدد جاری ہے اور اس پروگرام کو مزید وسعت دینے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے تجویز دی کہ منی بجٹ کے ذریعے اس پروگرام میں اضافہ کیا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ مستحق افراد مستفید ہو سکیں۔

انہوں نے صوبائی حکومت کو ہدایت دی کہ ٹرانسپورٹ کرایوں میں کمی کے لیے مالی معاونت فراہم کی جائے اور ٹرانسپورٹرز کو سبسڈی دی جائے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں اضافے کو روکنے کے لیے جامع حکمت عملی تیار کی جا چکی ہے۔

خطاب میں انہوں نے زور دیا کہ ملک کو درپیش معاشی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تمام سیاسی قوتوں کو اختلافات بالائے طاق رکھ کر مشترکہ حکمت عملی اپنانا ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ قومی وسائل پر پہلا حق غریب طبقے، محنت کشوں اور کسانوں کا ہے اور پیپلز پارٹی ہمیشہ عوامی مسائل کے حل کو ترجیح دیتی رہی ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے اس بات پر بھی زور دیا کہ قومی یکجہتی اور سیاسی ہم آہنگی کے ذریعے ہی پاکستان کو معاشی طور پر مستحکم بنایا جا سکتا ہے اور موجودہ بحرانوں کا مقابلہ کیا جا سکتا ہے۔

Scroll to Top