محکمہ موسمیات نے آئندہ ہفتے ملک کے مختلف حصوں میں بارشوں اور پہاڑی علاقوں میں برفباری کی پیشگوئی کر دی ہے، جس کے باعث موسم خوشگوار ہونے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کا نیا سلسلہ 5 اپریل کی شام بلوچستان کے مغربی علاقوں میں داخل ہوگا، جو 9 اپریل تک بالائی علاقوں پر اثر انداز رہ سکتا ہے۔
بلوچستان کے مختلف اضلاع جن میں پنجگور، گوادر، پسنی، تربت، خضدار، قلات، کوئٹہ اور ژوب شامل ہیں، میں 5 سے 7 اپریل کے دوران بارش متوقع ہے۔ اس کے علاوہ بارکھان، لسبیلہ، کوہلو اور نصیر آباد سمیت ملحقہ علاقوں میں بھی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
پنجاب اور وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 6 سے 9 اپریل کے دوران بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ ان علاقوں میں راولپنڈی، اٹک، جہلم، چکوال، سرگودھا، میانوالی، خوشاب، فیصل آباد، لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، نارووال اور شیخوپورہ شامل ہیں۔
دوسری جانب سندھ کے اضلاع سکھر، لاڑکانہ، دادو، جیکب آباد اور شکارپور میں 6 اپریل کو گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق گلگت بلتستان کے علاقوں استور، اسکردو، گلگت، ہنزہ، نگر اور غذر میں بارش کے ساتھ پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے، جبکہ آزاد کشمیر کے علاقوں باغ، راولاکوٹ اور وادی نیلم میں بھی بارش اور برفباری متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت بھی کی ہے، خاص طور پر پہاڑی علاقوں میں سفر کرنے والوں کو موسمی صورتحال سے باخبر رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔





