عیدالاضحیٰ کب ہوگی؟ماہرین فلکیات کی پیشگوئی سامنے آ گئی

عیدالاضحیٰ کب ہوگی؟ماہرین فلکیات کی پیشگوئی سامنے آ گئی

ماہرین فلکیات نے عیدالاضحیٰ کی ممکنہ تاریخ کے حوالے سے اہم پیشگوئی جاری کر دی ہے، جس کے مطابق اس سال عیدالاضحیٰ 27 مئی بروز بدھ کو ہونے کا امکان ہے۔

اماراتی میڈیا کے مطابق، امارات فلکیاتی سوسائٹی کے چیئرمین ابراہیم الجروان نے بتایا کہ فلکیاتی حسابات کے مطابق یکم ذوالحجہ 18 مئی کو متوقع ہے، جبکہ یومِ عرفہ 26 مئی کو ہوگا۔ ان اعداد و شمار کی بنیاد پر عیدالاضحیٰ 27 مئی کو منائے جانے کی پیشگوئی کی جا رہی ہے۔ تاہم حتمی اعلان روایتی طریقہ کار کے مطابق رویتِ ہلال کے بعد ہی کیا جائے گا۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ ذوالحجہ کا چاند 17 مئی کو پیدا ہوگا اور اس روز غروبِ آفتاب کے وقت چاند کی عمر اور بلندی ایسی ہوگی کہ اسے دیکھنے کے امکانات موجود ہیں۔ یہ عوامل چاند کی رویت میں اہم کردار ادا کرتے ہیں اور اسی بنیاد پر قمری مہینے کے آغاز کا تعین کیا جاتا ہے۔

ابراہیم الجروان کے مطابق ذوالحجہ کا چاند 17 مئی بروز اتوار، متحدہ عرب امارات کے مقامی وقت کے مطابق دوپہر 12 بج کر ایک منٹ پر پیدا ہوگا، جس کے بعد مختلف ممالک میں رویتِ ہلال کمیٹیاں چاند دیکھنے کی کوشش کریں گی تاکہ نئے قمری مہینے کا باقاعدہ آغاز کیا جا سکے۔

ماہرین نے واضح کیا ہے کہ اگرچہ فلکیاتی حسابات جدید سائنسی بنیادوں پر کیے جاتے ہیں، تاہم اسلامی تقویم میں چاند کی رویت کو بنیادی حیثیت حاصل ہے۔ اسی لیے عیدالاضحیٰ کی حتمی تاریخ کا اعلان متعلقہ حکام کی جانب سے چاند نظر آنے کے بعد ہی کیا جائے گا۔

Scroll to Top