پاکستان اور مصر کی افواج کی دہشت گردی کے خلاف مشترکہ جنگی مشقوں تھنڈر ٹو (Thunder-II) کا باقاعدہ آغاز ہو گیا ہے۔
دو ہفتوں پر محیط ان مشقوں کی افتتاحی تقریب اسپیشل آپریشنز اسکول چیراٹ میں منعقد ہوئی جہاں کمانڈنٹ اسپیشل آپریشنز اسکول نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔
ان مشقوں میں پاک فوج کے مایہ ناز دستےاسپیشل سروسز گروپ(SSG) اور مصری فوج کی اسپیشل فورسز کے جوان حصہ لے رہے ہیں۔ مشقوں کا بنیادی مقصد مشترکہ تربیت کے ذریعے پیشہ ورانہ مہارتوں میں اضافہ کرنا اور دونوں برادر ممالک کے درمیان دیرینہ فوجی تعلقات کو مزید مستحکم بنانا ہے۔
دو ہفتوں کے دوران دونوں ممالک کے دستے ایک دوسرے کے تجربات اور مہارتوں سے فائدہ اٹھائیں گے، بالخصوص دہشت گردی کے خلاف کیے جانے والے آپریشنز (Counter-Terrorism Operations) کے حوالے سے جدید تکنیک اور طریقہ کار کا تبادلہ کیا جائے گا۔
یہ مشقیں دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کو نئی بلندیوں تک لے جانے میں اہم سنگ میل ثابت ہوں گی۔





