انٹرنیشنل ٹی20 کرکٹ میں تاریخ رقم، فاسٹ بولر نے ایک ہی اننگز میں 9 وکٹیں اڑا دیں

انٹرنیشنل ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں ایک نیا ریکارڈ قائم ہو گیا ہے جہاں برازیل ویمنز ٹیم کی فاسٹ بولر لارا کارڈوسو نے تاریخ رقم کر دی ہے۔

لارا کارڈوسو ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ کی ایک اننگز میں 9 وکٹیں حاصل کرنے والی دنیا کی پہلی کھلاڑی بن گئی ہیں۔ انہوں نے یہ کارنامہ افریقی ملک لیسوتھو ویمنز ٹیم کے خلاف میچ میں انجام دیا۔

اس تاریخی میچ میں کارڈوسو نے اپنی تباہ کن بولنگ کے ذریعے حریف ٹیم کے پرخچے اڑا دیے اور صرف 4 رنز کے عوض 9 وکٹیں حاصل کیں۔

اس سے قبل ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں سب سے زیادہ وکٹوں کا ریکارڈ انڈونیشیا کی روحمالیا کے پاس تھا جنہوں نے 7 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا جبکہ مینز کرکٹ میں بھوٹان کے سونم یشی نے 2025 میں 8 وکٹیں حاصل کر کے ریکارڈ بنایا تھا۔

میچ کی صورتحال کچھ یوں رہی کہ برازیل نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 202 رنز کا بڑا مجموعہ ترتیب دیا تھا۔ ہدف کے تعاقب میں لیسوتھو کی ٹیم کارڈوسو کی قہر ڈھاتی بولنگ کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور پوری ٹیم محض 13 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ برازیل نے یہ مقابلہ 189 رنز کے بھاری مارجن سے اپنے نام کیا۔

Scroll to Top