پشاور میں خیبرپختونخوا حکومت نے سبکدوش بلدیاتی نمائندوں سے سرکاری اثاثوں کی واپسی کے لیے ایک مرتبہ پھر ہدایات جاری کر دی ہیں۔
اس حوالے سے لوکل کونسل بورڈ کی جانب سے وقتاً فوقتاً تمام آر ایم اوز اور ٹی ایم اوز کو مراسلہ ارسال کیا گیا ہے۔
مراسلے کے مطابق صوبے کے تمام اضلاع میں سرکاری اثاثوں کی ریکوری کا عمل تیز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ گاڑیوں سمیت دیگر سرکاری املاک کو فوری طور پر تحویل میں لینے کا حکم دیا گیا ہے۔
حکام نے واضح کیا ہے کہ سرکاری اثاثے کسی بھی فرد یا ادارے کو دینے پر پابندی عائد ہوگی اور ان کی حوالگی صرف صوبائی حکومت کی منظوری سے ہی ممکن ہو سکے گی۔
یہ بھی پڑھیں: مینا خان آفریدی کی سربراہی میں خیبرپختونخوا کا نیا لوکل گورنمنٹ کمیشن تشکیل
لوکل گورنمنٹ ڈیپارٹمنٹ کی ہدایات پر سختی سے عملدرآمد کا حکم دیتے ہوئے بلدیاتی اداروں کے اثاثوں کے تحفظ کو یقینی بنانے پر زور دیا گیا ہے۔
مراسلے میں غیر مجاز استعمال کی روک تھام کے لیے کریک ڈاؤن کا عندیہ بھی دیا گیا ہے جبکہ یہ ہدایات ڈائریکٹر جنرل میٹروپولیٹن گورنمنٹ اور تحصیل افسران کو بھی ارسال کر دی گئی ہیں۔





