اسلام آباد: ٹیکنالوجی کمپنی سام سنگ نے اپنی دو آگمنٹڈ ریئلٹی (اے آر) ایپس اے آر ڈوڈل اور کوئک میژر کو بند کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
کمپنی کے مطابق دونوں ایپس 31 دسمبر 2026 کے بعد گلیکسی ایپ اسٹور سے ڈاؤن لوڈ نہیں کی جاسکیں گی۔ سام سنگ نے گلیکسی ایپ اسٹور پر دونوں ایپس کے چینج لاگز میں بھی ان کی بندش سے متعلق معلومات شامل کردی ہیں۔
کچھ نئی گلیکسی ڈیوائسز پر یہ ایپس پہلے ہی دستیاب نہیں ہیں، جن میں گلیکسی زیڈ فولڈ 8 بھی شامل ہے۔
اے آر ڈوڈل سے ہوا میں ڈرائنگ کی سہولت
اے آر ڈوڈل کے ذریعے سام سنگ صارفین فون کے کیمرے کی مدد سے حقیقی دنیا کے مناظر پر ورچوئل ڈرائنگ بنا سکتے تھے۔ اس ایپ کی خاص بات یہ تھی کہ صارف کی بنائی گئی ڈرائنگ چہرے یا کمرے میں موجود دیگر اشیا کے ساتھ منسلک رہ سکتی تھی۔
اسٹائلس سپورٹ رکھنے والے فونز میں صارفین اسٹائلس کے ذریعے بھی ڈرائنگ بنانے کی سہولت حاصل کرسکتے تھے۔
یہ بھی پڑھیں : وزیراعظم کا یومِ پاک بحریہ پر پیغام: پاک بحریہ سمندروں کی مضبوط اور جدید ترین محافظ قوت ہے، وزیراعظم شہباز شریف
کوئک میژر سے فون بنتا تھا پیمائش کا آلہ
دوسری جانب کوئک میژر ایپ فون کے کیمرے کو ایک پیمائشی آلے میں تبدیل کردیتی تھی۔ صارفین اس کی مدد سے بڑی اشیا، دیواروں اور دیگر چیزوں کا اندازاً سائز معلوم کرنے کے ساتھ ساتھ مختلف اشیا کے درمیان فاصلے کی پیمائش بھی کرسکتے تھے۔
موجودہ صارفین کے لیے کیا ہوگا؟
سام سنگ کے مطابق 31 دسمبر 2026 کے بعد دونوں ایپس نئی ڈیوائسز پر دستیاب نہیں ہوں گی جبکہ مستقبل کے آپریٹنگ سسٹمز میں بھی ان کی سپورٹ ختم کردی جائے گی۔
تاہم جن صارفین کے فون میں یہ ایپس پہلے سے موجود ہیں، وہ ممکنہ طور پر انہیں اس وقت تک استعمال کرسکیں گے جب تک ان کے ڈیوائس کا سافٹ ویئر ان ایپس کو سپورٹ کرتا رہے۔
یوں کیمرے کے ذریعے حقیقی دنیا میں ورچوئل ڈرائنگ اور اشیا کی پیمائش کی سہولت دینے والی سام سنگ کی یہ دونوں ایپس بتدریج صارفین سے رخصت ہونے جارہی ہیں۔





