مردان : جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ پاکستان نے یہ ثابت کر دیا ہے کہ وہ دنیا کے معاملات کو سلجھانے کی صلاحیت رکھتا ہے اور آج عالمی ممالک پاکستان کی سرزمین پر بیٹھ کر عالمی امن کے لیے بات چیت کر رہے ہیں۔
مردان میں دستور اسلام کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ پاکستان نے حالیہ عرصے میں جو کردار ادا کیا ہے وہ ان کی دیرینہ خواہش اور جدوجہد کے مطابق ہے۔ ان کے مطابق آج پاکستان کی سفارتی اہمیت میں اضافہ ہوا ہے اور ملک کو ایک اہم عالمی مقام حاصل ہو رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیل عرب سرزمین پر ایک ناجائز اور دہشت گرد ریاست ہے جو برسوں سے فلسطینیوں پر مظالم ڈھا رہی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ان کی جماعت اسرائیل کو تسلیم کرنے کے حق میں نہیں ہے۔
مولانا فضل الرحمان نے مزید کہا کہ ماضی میں انہوں نے خبردار کیا تھا کہ اسرائیل کا ایران تک پہنچ جانا دراصل پاکستان کے دروازے پر دستک کے مترادف ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے عوام اور امت مسلمہ کسی صورت بھی بھارت اور اسرائیل کے مبینہ گٹھ جوڑ کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔
یہ بھی پڑھیں : پاکستان میں لیتھیم بیٹریوں سے متعلق بڑی خوشخبری
اپنے خطاب میں انہوں نے ملکی سیاسی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ جمیعت علمائے اسلام (ف) کسی بھی ایسی حکومت کو تسلیم نہیں کرتی جو ان کے بقول دھاندلی کے ذریعے قائم ہوئی ہو۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف اور آصف علی زرداری جھک سکتے ہیں لیکن جے یو آئی (ف) اپنے مؤقف پر قائم رہے گی۔ ان کے مطابق ایسی حکومت جس کی بنیاد ان کے بقول شفافیت پر نہ ہو، اسے وہ قبول نہیں کرتے۔
مولانا فضل الرحمان نے سخت الفاظ استعمال کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح جعلی نوٹ مارکیٹ میں نہیں چل سکتا، اسی طرح ان کے مطابق جعلی حکومت بھی قابل قبول نہیں ہوتی۔





