مذاکرات ناکام نہیں ہوئے، یہ ایک مثبت مرحلہ ہے، پاکستان کو امن کے لیے تعمیری کردار جاری رکھنا چاہیے،شیخ وقاص

اسلام آباد:  پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ترجمان شیخ وقاص اکرم نے کہا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان ہونے والے مذاکرات کا حتمی معاہدے کے بغیر اختتام کسی قسم کی ناامیدی کی بات نہیں، بلکہ یہ ایک مثبت پیش رفت ہے۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ سفارتی عمل ہمیشہ وقت لیتا ہے اور اس میں مرحلہ وار پیشرفت ہوتی ہے، اس لیے امید کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑنا چاہیے۔

ان کے مطابق امریکا اور ایران دونوں فریقین نے مذاکرات میں نمایاں پیشرفت کا اعتراف کیا ہے، جبکہ صرف چند اہم مسائل ہی ابھی حل طلب ہیں۔

شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ پاکستان نے اس پورے سفارتی عمل میں ایک تعمیری اور مثبت کردار ادا کیا ہے۔ ان کے مطابق پاکستان نے بطور ریاست جنگ بندی کے ماحول کو ممکن بنانے میں اہم کردار ادا کیا، جس پر دونوں فریقین نے پاکستان کی میزبانی اور کوششوں پر اعتماد کا اظہار بھی کیا۔

یہ بھی پڑھیں : پاکستان کو وہی مقام مل رہا ہے جس کے ہم برسوں سے خواہاں تھے، مولانا فضل الرحمان

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کو خطے میں امن و استحکام کے لیے اپنا تعمیری کردار جاری رکھنا چاہیے، کیونکہ مسلسل سفارتی کوششیں ہی دیرپا امن کی ضمانت بن سکتی ہیں۔

پی ٹی آئی ترجمان کے مطابق موجودہ پیشرفت اس بات کی علامت ہے کہ مذاکراتی عمل مکمل طور پر ختم نہیں ہوا بلکہ ایک نئے مرحلے میں داخل ہو رہا ہے، جس میں مزید بات چیت کی گنجائش موجود ہے۔

Scroll to Top