اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد میں ہونے والے اہم مذاکرات کے دوران سیکیورٹی کے شاندار اور مؤثر انتظامات پر پاک فوج، پنجاب رینجرز، فیڈرل کانسٹیبلری سمیت دیگر متعلقہ اداروں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر داخلہ نے “اسلام آباد ٹاکس” کے موقع پر کیے گئے سیکیورٹی انتظامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاک فوج، پنجاب رینجرز، فیڈرل کانسٹیبلری، پنجاب پولیس، اسلام آباد پولیس، اسلام آباد انتظامیہ، سی ڈی اے اور موٹر وے پولیس نے غیر معمولی پیشہ ورانہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔
محسن نقوی نے کہا کہ امریکا اور ایران کے درمیان ہونے والے مذاکرات کے دوران تمام اداروں نے بہترین ہم آہنگی اور مکمل یکجہتی کے ساتھ اپنے فرائض انجام دیے، جو قابلِ ستائش ہے۔ انہوں نے سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات پر افسران سے لے کر اہلکاروں تک سب کو مبارکباد دی۔
انہوں نے مزید کہا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم اور اداروں کے درمیان مثالی رابطہ کاری کے باعث اس پیچیدہ اور چیلنجنگ ذمہ داری کو کامیابی سے مکمل کیا گیا۔ ان کے مطابق تمام متعلقہ اداروں کے سربراہان نے دن رات محنت کر کے اس بڑے انتظامی امتحان کو احسن انداز میں مکمل کیا۔
یہ بھی پڑھیں : مذاکرات ناکام نہیں ہوئے، یہ ایک مثبت مرحلہ ہے، پاکستان کو امن کے لیے تعمیری کردار جاری رکھنا چاہیے،شیخ وقاص
وزیر داخلہ نے کہا کہ پوری ٹیم نے جس جذبے، محنت اور پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ یہ ذمہ داری نبھائی وہ نہ صرف قابلِ تعریف ہے بلکہ پوری قوم کے لیے باعثِ فخر بھی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس مشترکہ کامیابی نے پاکستان کی انتظامی اور سیکیورٹی صلاحیتوں کو ایک بار پھر واضح طور پر اجاگر کیا ہے، جو مستقبل میں بھی بڑے عالمی ایونٹس کے انعقاد میں مددگار ثابت ہوگی۔





