پاکستان خطے میں پائیدار امن کیلئے کردار ادا کرتا رہیگا، وزیراعظم

وزیراعظم محمد شہباز شریف نےکہاہے کہ پاکستان خطے میں پائیدار امن کی بحالی کے لیے اپنا فعال کردار ادا کرتا رہے گا اور اس ضمن میں پاکستان نے ایران اور امریکہ کے درمیان مذاکرات کی بحالی میں ایک کلیدی پل کا کردار ادا کیا ہے۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے انکشاف کیا کہ 47 سال کے طویل وقفے کے بعد دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ ترین سطح پر ہونے والی یہ بات چیت ایک تاریخی کامیابی ہے جس کے لیے امریکہ اور ایران کے وفود پاکستان کی خصوصی درخواست پر یہاں تشریف لائے۔

انہوں نے دعوت قبول کرنے پر امریکی اور ایرانی صدور کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو امن کی بحالی کے لیے ثالثی کا یہ اہم موقع میسر آیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے مذاکرات کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے وفود کے درمیان مسلسل 21 گھنٹے تک تفصیلی گفتگو کا سلسلہ جاری رہا، جو کہ اپنی نوعیت کا پہلا موقع تھا کہ امریکہ اور ایران کے وفود ایک دوسرے کے آمنے سامنے بیٹھے۔

انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کی قیادت نے ان مذاکرات کو کامیاب بنانے اور عالمی امن کی راہ ہموار کرنے کے لیے دن رات محنت کی۔ وزیراعظم نے اس کامیابی کا سہرا فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی فراست اور حکمتِ عملی کے سر باندھتے ہوئے کہا کہ انہی کی بصیرت کی بدولت فریقین کے درمیان عارضی جنگ بندی پر اتفاق ممکن ہوا۔

کابینہ کو بریفنگ دیتے ہوئے وزیراعظم نے مزید کہا کہ پاکستان کی ان مخلصانہ کاوشوں کا ہی نتیجہ ہے کہ تاحال سیز فائر قائم ہے۔

انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ اگرچہ کچھ پیچیدہ معاملات اب بھی حل طلب ہیں، تاہم حکومتِ پاکستان ان بقایا مسائل کو سلجھانے اور فریقین کو مستقل حل کی طرف لانے کے لیے اپنی بھرپور کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔

وزیراعظم کے بقول پاکستان کا یہ کردار نہ صرف ملک کے وقار میں اضافے کا باعث ہے بلکہ یہ عالمی سطح پر پاکستان کے ایک ذمہ دار ریاست ہونے کا منہ بولتا ثبوت بھی ہے۔

Scroll to Top