پی ایس ایل11 ،پشاور زلمی نےملتان سلطانزکوبڑاہدف دیدیا

کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 11 کے 22ویں میچ میں پشاور زلمی نے ملتان سلطانز کے خلاف پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 196 رنز کا پہاڑ جیسا مجموعہ ترتیب دیا ہے۔

ملتان سلطانز نے ٹاس جیت کر پشاور زلمی کو بیٹنگ کی دعوت دی، جس کا آغاز محمد حارث نے انتہائی جارحانہ انداز میں کیا اور محض 17 گیندوں پر 38 رنز کی برق رفتار اننگز کھیل کر ٹیم کو مضبوط بنیاد فراہم کی۔

زلمی کے غیر ملکی کھلاڑی کوشل مینڈس نے اپنی شاندار فارم برقرار رکھتے ہوئے مسلسل تیسری نصف سنچری اسکور کی اور 40 گیندوں پر 68 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کی پوزیشن مستحکم کر دی۔

دیگر بلے بازوں میں فرحان یوسف 30 اور کپتان بابر اعظم 18 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ مائیکل بریسویل نے 14 اور افتخار احمد نے 10 رنز کا حصہ ڈالا۔

ملتان سلطانز کے بولرز پشاور کے بلے بازوں کو کھل کر کھیلنے سے روکنے میں ناکام رہے، تاہم محمد اسماعیل اور پیٹر سڈل دو دو وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب رہے جبکہ محمد نواز اور محمد وسیم نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

ٹاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم کا کہنا تھا کہ پچ کی صورتحال کو دیکھتے ہوئے 180 سے 190 کا اسکور ایک اچھا ٹوٹل ہوگا، اور زلمی کے بلے بازوں نے اس ہدف کو عبور کر کے بولرز کے لیے دفاع کا اچھا موقع فراہم کر دیا ہے۔

واضح رہے کہ پشاور زلمی کی ٹیم اس وقت ایونٹ میں انتہائی مضبوط پوزیشن میں ہے اور اب تک پانچ میچز کھیلنے کے باوجود ناقابلِ شکست رہی ہےجس میں سے چار میں اسے فتح حاصل ہوئی جبکہ ایک میچ بارش کی نذر ہو گیا تھا۔ پوائنٹس ٹیبل پر پشاور زلمی کی ٹیم پہلی جبکہ ملتان سلطانز دوسرے نمبر پر براجمان ہے۔

Scroll to Top