برطانوی پارلیمنٹ میں پاکستان کی سفارتی کوششوں کو سراہتے ہوئے امریکا اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی میں اس کے کردار کا اعتراف کیا گیا ہے۔
برطانوی رکن پارلیمنٹ افضل خان نے پارلیمنٹ میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے امریکا اور ایران کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے دوران اہم ثالثی کردار ادا کیا اور عالمی سطح پر ذمہ دار قیادت کا مظاہرہ کیا، انہوں نے کہا کہ پاکستان نے امن کو ترجیح دیتے ہوئے مذاکرات کے فروغ میں مثبت کردار ادا کیا۔
افضل خان نے برطانوی وزیراعظم کیئر اسٹارمر سے سوال کیا کہ برطانیہ، پاکستان کے ساتھ مل کر مشرق وسطیٰ میں پائیدار امن اور استحکام کے لیے کس نوعیت کی معاونت فراہم کر رہا ہے۔
برطانوی وزیراعظم کیئر اسٹارمر نے اپنے جواب میں پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے حالیہ دنوں میں وزیراعظم پاکستان سے رابطہ کیا ہے، جس میں جاری مذاکراتی عمل میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ برطانوی وزیر خارجہ نے بھی اپنے پاکستانی ہم منصب سے رابطہ کیا ہے۔
برطانوی وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ اس سفارتی عمل کی حمایت کرے اور خطے میں کشیدگی کو مزید بڑھنے سے روکا جائے۔





